کابینی سب کمیٹی نے ریزرویشن پالیسی پر اپنی رپورٹ تیار کی ہے :سکینہ یتو
سرینگر 10 جون
جموں و کشمیر کابینہ کی ذیلی کمیٹی جس کو سال گذشتہ تشکیل دیا گیا تھا، نے یونین ٹریٹری میں موجودہ ریزرویشن پالیسی کے خلاف شکایات کا جائزہ لینے کے لیے اپنی رپورٹ کا مسودہ تیار کیا ہے جس کو کابینہ کے اجلاس کے وقت پیش کیا جائے گا۔
یہ اعلان وزیر برائے تعلیم و صحت سکینہ یتو، جو اس کابینی سب کمیٹی کی سربراہ بھی ہیں، نے منگل کے روز ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ 6 ماہ کی مقررہ مدت میں تیار کی گئی ہے ۔
سکینہ یتو نے اپنے پوسٹ میں کہا: ‘ ریزرویشن کے معاملے کی جانچ کے لیے تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے 6 ماہ کی مقررہ مدت میں اپنی رپورٹ کا مسودہ تیار کر لیا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ کابینہ کے اجلاس کے وقت پیش کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ سال گذشتہ ماہ مارچ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر ریزرویشن ایکٹ، 2004 میں ترمیم کی، جس نے سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کو 43 فیصد سے بڑھا کر 70 فیصد کر دیا۔اس پالیسی پر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور بعد ازاں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے متنازعہ پالیسی کا جائزہ لینے کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دی جس کو اپنی رپورٹ جمع کرنے کے لئے 6 ماہ کا وقت دیا گیا۔
Comments are closed.