سرینگر پولیس نے چوری کا معمہ حل کیا، تین افراد گرفتار
سری نگر،23مئی
)جموں وکشمیر پولیس نے نشاط علاقے میں پیش آئے چوری کے ایک اہم معاملے کو حل کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے لاکھوں روپیہ مالیت کے طلائی زیورات برآمد کئے ہیں۔پولیس کے مطابق غلام قادر ولد علی محمد میر ساکن پتی برین، نشاط نے 19 فروری 2025 کو تھانہ نشاط میں ایک تحریری شکایت درج کروائی تھی، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ نامعلوم چوروں نے ان کے رہائشی مکان میں نقب لگا کر قیمتی سونے کے زیورات چوری کر لیے ۔
پولیس نے اس شکایت پر ایف آئی آر نمبر 10/2025 کے تحت متعلقہ دفعات میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی۔تحقیقاتی ٹیم نے انتھک کوششوں، معلومات کے باریک بینی سے تجزیے اور جدید تکنیکی و ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے تین مشتبہ افراد کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کیا۔ گرفتار شدگان میں محمد حفیظ گنائی ولد محمد سلطان ساکن شال بگ گاندربل، بلال احمد گنیائی ولد مہراج الدین ساکن عشم سمبل بانڈی پورہ، اور بلال احمد ڈار ولد عبدالغنی ساکن صفاپورہ بانڈی پورہ شامل ہیں۔ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے تقریباً 9 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور واردات میں استعمال کی گئی ایک آلٹو گاڑی رجسٹریشن نمبر HR13E-9346) برآمد کی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہے اور مزید چوری شدہ املاک کی بازیابی کے ساتھ ساتھ معاملے کی دیگر پرتیں بھی کھولنے کی کوشش کی جا رہی ہے
۔سرینگر پولیس کی اس بروقت کارروائی نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے تئیں پوری طرح پرعزم ہے ۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے ۔
Comments are closed.