وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ہنگامی طورپر جموں روانہ
جموں،9مئی
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جمعہ کی صبح جموں روانہ ہو گئے تاکہ گزشتہ رات پاکستان کی جانب سے کئے گئے ناکام ڈرون حملوں کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا خود جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا ’میں اس وقت جموں جا رہا ہوں تاکہ گزشتہ شب جموں شہر اور دیگر علاقوں پر پاکستان کے ناکام ڈرون حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لے سکوں۔‘
واضح رہے کہ جمعرات کی شب پاکستانی فوج کی جانب سے جموں، پٹھان کوٹ، ادھم پور اور دیگر علاقوں میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، جسے بھارتی فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ اسکولوں کی بندش کے حوالے سے فیصلہ پیر کو دوبارہ جائزے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ’صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد طے کیا جائے گا کہ اسکولوں کی بندش میں توسیع کی ضرورت ہے یا نہیں۔‘
واضح رہے کہ جمعرات کو وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے حفاظتی اقدامات کے تحت جموں و کشمیر کے تمام اسکول، کالج اور جامعات کو دو دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ادھر جمعرات کی شب جموں، سانبہ، بارہ مولا، کپواڑہ اور اکھنور سمیت کئی علاقوں میں سائرن اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں، جس سے عوام میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔ تاہم، سکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی نے کسی بڑے نقصان کو ٹال دیا۔
Comments are closed.