پونچھ میں جاں بحق مولانا محمد اقبال کو دہشت گردی سے جوڑنے کی خبریں جھوٹ پر مبنی: پولیس

جموں،8مئی

پونچھ ضلع میں سرحد پار شیلنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے معروف عالم دین مولانا محمد اقبال کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششوں پر پولیس نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بے بنیاد اور گمراہ کن دعوے مرحوم کی ساکھ کو متاثر کرنے کے مترادف ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ میڈیا ادارے اور سوشل میڈیا ایڈمن مولانا محمد اقبال ولد پیر بخش، ساکن بیلہ، تحصیل منڈی، عمر تقریباً 46 سال، کی ہلاکت سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہے ہیں جن میں انہیں دہشت گرد تنظیم سے وابستہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے ان خبروں کو "من گھڑت اور حقائق کے منافی” قرار دیا ہے۔

پولیس کے مطابق، مولانا محمد اقبال ایک قابل احترام مذہبی رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود اور مذہبی تعلیمات کو فروغ دیا۔ ان کی شہادت مدرسہ ضیاء العلوم پونچھ میں پاکستانی گولہ باری کے دوران ہوئی، جو ایک انسانی المیہ ہے، نہ کہ کوئی مشکوک واقعہ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کی بے بنیاد رپورٹس نہ صرف مرحوم کی عزت و ناموس کے خلاف ہیں بلکہ متاثرہ خاندان کے لیے مزید اذیت کا باعث بن رہی ہیں۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ جھوٹ پر مبنی معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید برآں، میڈیا اداروں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ایسے حساس معاملات میں تصدیق شدہ معلومات کو ترجیح دیں اور کسی بھی غیر مصدقہ خبر کو شائع کرنے سے گریز کریں۔

Comments are closed.