پہلگام میں چھٹے روز بھی تلاشی آپریشن جاری، اضافی اہلکاروں کی چپے چپے پر تعیناتی
سری نگر، 27 اپریل
جنوبی کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن چھٹے روز بھی جاری رہا، فوج نے جنگلی اور پہاڑی علاقوں میں اپنی نگرانی مزید سخت کردی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ مفرور دہشت گردوں کو مار گرانے کی خاطر فضائیہ کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہے جبکہ اوپری پہاڑی علاقوں میں بھی سلامتی عملے نے پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے پہلگام کے پہاڑی علاقوں کے تمام راستوں پر سیکیورٹی فورسز کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی ہے۔ اس کے علاوہ، ہندوستانی فضائیہ کی معاونت بھی حاصل کی گئی ہے تاکہ فضائی نگرانی کے ذریعے دہشت گردوں کی فوری شناخت اور ان کی گرفتاری کو ممکن بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران تمام دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردوں کو گھیر کر ان کی سرکوبی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ، ’ہمارا مقصد دہشت گردوں کی موجودگی کو مکمل طور پر ختم کرنا اور ان کے فرار کے راستوں کو مسدود کرنا ہے۔ ہم نے فورسز کے اضافی دستوں کو علاقے میں تعینات کر دیا ہے تاکہ تمام راستوں کی نگرانی کی جا سکے۔ ہم فضائی نگرانی کی مدد سے ہر قسم کی حرکت کی نشاندہی کر کے فوراً کارروائی کر رہے ہیں۔‘
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مختلف مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا پتہ چلایا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کے مختلف حساس مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں، اور ان مقامات پر فورسز کی جانب سے سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
ایک مقامی شہری نے کہا، ’ہم فورسز کے ساتھ ہیں اور ان کی کارروائیوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ یہ اقدامات ضروری ہیں تاکہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کا خاتمہ ہو سکے۔‘
سیکیورٹی فورسز نے اس آپریشن کو دہشت گردوں کے خلاف ایک فیصلہ کن کارروائی قرار دیا ہے اور یقین ظاہر کیا ہے کہ جلد ہی اس آپریشن کے نتائج سامنے آئیں گے۔
Comments are closed.