بانڈی پورہ میں فرضی بیانیہ پھیلانے والے سوشل میڈیا ہینڈلرز گرفتار: پولیس
سری نگر، 27 اپریل
بانڈی پورہ پولیس نے حالیہ تصادم سے متعلق جھوٹا اور من گھڑؑت بیانیہ سوشل میڈیا پر پھیلانے والے متعدد سوشل میڈیا ہینڈلرز کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کی ہے۔
پولیس کے مطابق، بانڈی پورہ پولیس کو مختلف ذرائع سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کچھ افراد نے 24 اپریل 2025 کوکلنار اجس انکاونٹر کے حوالے سے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلائے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام ملوث سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہولڈرز کے خلاف ایک مجرمانہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مذکورہ افراد کی جانب سے من گھڑت بیانیہ پھیلانے سے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں امن و قانون کی صورتحال بگاڑنے کا موجب بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس غیر قانونی عمل کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن بانڈی پورہ میں ایف آئی آر نمبر 71/25 دفعہ 152 بی این ایس اور 66 (ف) آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق اب تک چند افراد کو اس مجرمانہ عمل میں ملوث ہونے پر پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے، اور مزید کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
بانڈی پورہ پولیس نے سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو قانونی اور اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوں۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments are closed.