پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر شدید گولہ باری، بھارتی فوج کا پاکستان کو منہ توڑ جواب

جموں،22اپریل

جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے تتہ پانی سیکٹر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات ہند و پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بھارتی فوج نے پاکستان کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا۔ واقعہ کے بعد سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے تتہ پانی سیکٹر میں اچانک جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شدید فائرنگ شروع کی۔ بھارتی افواج نے پوری مستعدی کے ساتھ جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے مورچوں کو نشانہ بنایا۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں جانب سے فائرنگ رات دیر گئے تک جاری رہی، بھارتی فوج نے نہ صرف دشمن کے حملے کو پسپا کیا بلکہ اس کے اہم ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔علاقے میں موجود مقامی باشندوں نے بتایا کہ نصف شب کو شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جس سے لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں میں محصور ہو گئے۔راجوری اور پونچھ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی دراندازی یا دہشت گردانہ کوشش کو روکا جا سکے۔دفاعی ذرائع کے مطابق،’’پاکستان کی طرف سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا ہے۔ ہماری افواج چوکنا ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘

ذرائع کے مطابق فوج نے اپنی اگلی چوکیوں کو مزید مستحکم کر دیا ہے جبکہ حساس دیہاتوں میں اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ فیلڈ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں سرحد پر مزید ایسی کارروائیاں ہو سکتی ہیں، جس کے پیش نظر لائن آف کنٹرول پر فوج کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔

Comments are closed.