جموں و کشمیر میں جلد از جلد اسمبلی انتخابات کرانے کیلئے پرعزم / چیف الیکشن کمشنر
الیکشن کمیشن آف انڈیا جموں و کشمیر میں جلد از جلد انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی طاقت کو انتخابی عمل کو پٹری سے اتارنے کی اجازت نہیں دے گا کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ انتخابات کی صحیح تاریخوں کا اعلان اس وقت کیا جائے گا جب کمیشن سیکورٹی کی ضروریات کا حتمی جائزہ لے گا۔
دو روزہ دورے جموں کشمیر کے دوران جموں میں پریس کانفرنس سے خطاب جرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا جموں و کشمیر میں جلد از جلد انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی طاقت کو انتخابی عمل کو پٹر ی سے اتارنے کی اجازت نہیں دے گا۔کمار نے کہا، ”ہم جموں و کشمیر میں جلد از جلد انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہم کسی بھی اندرونی یا بیرونی طاقتوں کو انتخابات کوپٹری سے اتارنے نہیں دیں گے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں تمام سیاسی جماعتیں جلد از جلد اسمبلی انتخابات کے انعقاد کیلئے مضبوط بیٹنگ کر رہی ہیں۔کمار کی قیادت میں الیکشن کمیشن کا ایک وفد انتخابات کے انعقاد کیلئے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ سیکورٹی ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے تین روزہ دورے پر جموں و کشمیر میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جموں خطے میں کچھ دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں جموں و کشمیر میں ”مرغی اور انڈے “ کی صورتحال نہیں دیکھنا چاہتے۔ ہماری افواج صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہم جموں و کشمیر میں انتخابی عمل کو پٹری سے اتارنے کی ان چھوٹی کوششوں کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوںنے کہا ” جہاں تک صحیح تاریخوں کا تعلق ہے، ہم دہلی میں سیکورٹی کی ضروریات کا حتمی جائزہ لیں گے اور اس کے مطابق انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کریں گے“۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر ہیں کیونکہ وہ سبھی قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں۔
Comments are closed.