
کٹھوعہ تصادم :ایک اور ملی ٹینٹ ہلاک ، تعداد 2، تلاشی آپریشن جاری
جموں،12جون
جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے سیدا سکھل علاقے میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جاری تصادم میں ایک اور ملی ٹینٹ مارا گیا اور اس طرح سے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد دو تک پہنچ گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ ضلع کے سیدا سکھل علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں دوسرا ملی ٹینٹ بھی مارا گیا۔
اس سے قبل منگل کی شام کو سیکورٹی فورسز نے ایک ملی ٹینٹ کو مار گرایا جبکہ رات بھر علاقے میں تلاشی آپریشن جاری رہنے کے بیچ بدھ کے روز مہلوک ملی ٹینٹ کے ساتھی کو بھی ہلاک کیا گیا۔
واضح رہے کہ منگل کی شام دیر گئے دہشت گردوں کا ایک گروپ کٹھوعہ کے سیدا سکھل گاوں میں نمودار ہوا اور رہائشی مکان میں زبردستی گھس کر اہل خانہ سے پانی مانگا، جب مکینوں نے پانی دینے سے انکار کیا تو ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں مالک مکان زخمی ہوا۔
مقامی لوگوں نے پولیس کو ملی ٹینٹوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی تو فوری طورپر سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے جس دوران دہشت گردوں اور سلامتی عملے کے درمیان گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
سیکورٹی فورسز کی ابتدائی فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا اور اس کا ساتھی جنگلی علاقے کی طرف بھاگ گیا تاہم سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹ کا تعاقب جاری رکھا اور بدھ کی صبح جنگلی علاقے میں ہی دوسرے ملی ٹینٹ کو بھی مارا گرایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کے قبضے سے امریکی ساخت کی رائفل برآمد کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔
Comments are closed.