
وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا / ترون چھگ
سرینگر /15مئی /
وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے اور ان کی حکومت خطے کے امن اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہے کی بات کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں و کشمیر اور لداخ کے پارٹی انچارج ترون چھگ نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی نے جموں و کشمیر کے وسیع تر انضمام اور ترقی کی راہ ہموار کی۔
تفصیلات کے مطابق ” جموں کے انگریزی روزنامہ “کے ساتھ خصوصی انٹر ویو میں بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں کشمیر انچارج ترون چھگ نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعدخطے میں عسکریت پسندی سے متعلق واقعات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے نتیجے میں امن اور استحکام میں بہتری آئی ہے۔
نوجوانوں کی طرف سے مزید پتھراو نہیں ہوا اور اس سے قومی یکجہتی کے احساس کو بھی تقویت ملی ہے۔ اب، یہ خطہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقے سے ایک سیاحتی مقام میں تبدیل ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر کے لوگوں کیلئے آمدنی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے“۔ چھگ نے کہا کہ اس کا اثر کثیر جہتی رہا ہے کیونکہ منسوخی نے سرمایہ کاری کیلئے نئے مواقع کھولے ہیں اور سرمایہ کار اب جموں و کشمیر کو ایک قابل عمل منزل کے طور پر دیکھتے ہیں، جس سے روزگار کی تخلیق اور اقتصادی ترقی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا”دفعہ 370 کی منسوخی نے خواتین کو جائیداد کے مساوی حقوق دینے کے ذریعے بااختیار بنا کر صنفی مساوات کو یقینی بنایا ہے جبکہ والمیکیوں کو پہلی بار ریزرویشن ملا ہے“۔انہوں نے کہا ”وزیر اعظم نریندر مودی اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں کہ جموں و کشمیر ترقی اور خوشحالی کا نمونہ بنے۔ ان کی حکومت جموں و کشمیر کو ہندوستان کی دوسری ریاستوں کی طرح بلند کرنے کے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے جہاں لوگ امن اور خوشحالی کے ساتھ رہتے ہیں“
Comments are closed.