گریز اور لداخ کے علاقوں میں ہلکی برفباری ، طویل خشکی کا سلسلہ ٹوٹ گیا

سرینگر /13جنوری /

محکمہ موسمیات کی جانب سے 23جنوری تک خشک موسم کی پیشگوئی کے چلتے گریز کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کے نتیجے میں طویل خشکی کا سلسلہ ٹوٹ گیا ۔ ہلکی برفباری کے نتیجے میں شبانہ درجہ حرارت میں کچھ بہتری ریکارڈ کی گئی ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 23جنوری تک مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا تاہم 16اور 20جنوری کو بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے ۔

سٹار نیوز نیٹ ورک ( ایس این این ) کے مطابق وادی کشمیر میںجاری طویل خشک موسم کے چلتے بانڈی پورہ کے گریز علاقے میں رات بھر ہلکی برفباری ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی درمیانی رات کو کمزور مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہوئی جس کے باعث گریز علاقے میں ہلکی برف باری ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ لداخ میں دراس میں بھی ہلکی برف باری ہوئی لیکن وہاں برف جمع نہیں ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے کئی حصوں میں ابر آلود آسمان کی وجہ سے شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر شہر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات کے منفی 4 ڈگری سیلشس سے زیادہ تھا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح سے قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 2 ڈگری ریکارڈ جبکہ شہرہ آفاق گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں رات کا درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سیلشس درج ہوا جو گزشتہ رات منفی 5.3 ڈگری سے زیادہ تھا۔جبکہ اسی طرح سے کوکرناگ قصبے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری اور کپواڑہ میں یہ منفی 0.3 ڈگری سیلشس رہا۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اور 20 جنوری کو آنے والے کمزور مغربی ہواﺅں کی وجہ سے کچھ ایک اونچائی والے علاقوں پر ہلکی برفباری کے امکان ہے تاہم خشک موسم 23 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

Comments are closed.