پولیس افسر مسرور وانی کا قتل انسانیت اور کشمیریت کا قتل ہے: رویندر رینہ

سرینگر، 9 دسمبر

بی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے عید گاہ علاقے میں ملی ٹنٹوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے پولیس افسر مسرور وانی کو ایک دیانتدار افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار افسر تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کا قتل انسانیت اور کشمیریت کا قتل ہے۔

موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں رعناروای میں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا جہاں انہوں نے پولیس افسر کے اہلخانہ کےساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ تعزیت و تسلیت کی۔انہوں نے کہا: ‘مسرور احمد وانی خدمت خلق کے جذبے سے سر شار تھے اور وہ غریبوں کی مدد کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ان کا قتل انسانیت اور کشمیریت کا قتل ہے جو انتہائی تکلیف دہ واقعہ ہے اور سر زمین کشمیر ایک بار پھر بے گناہ کے کون سے لہو لہان ہوئی ہے’۔مسٹر رینہ نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ کام انجام دیا وہ یہاں کے امن اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا: ‘آخر کب تک یہاں بے گناہوں کا خون بہتا رہے گا ایسے واقعات کو بر داشت نہیں کیا جا سکتا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ مسرور احمد کا نام دوستوں کے حلقوں میں مدد کرنے کے لئے مشہور تھا۔بتادیں کہ سری نگر کے عید گاہ علاقے میں سال رواں کے29 اکتوبر کو جنگجوﺅں کے حملے میں زخمی ہونے والا پولیس انسپکٹر 7 دسمبر کی صبح دہلی کے ایک ہسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا۔

Comments are closed.