منوج سنہا پونچھ پہنچے، راجوری جھڑپ میں جاں بحق فوجی کے اہلخانہ سے تعزیت کی
سری نگر، 02 دسمبر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کے روز راجوری انکاﺅنٹر کے دوران جاں بحق ہونے والے فوجی جوان عبدالمجید کی رہائش گاہ واقع پونچھ پہنچکر وہاں ان کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حوالدار عبدالمجید کے خاندان کی مادر وطن کے تئیں خدمت اور قربانیوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔بتادیں کہ پونچھ کے کالاکوٹ جنگل علاقے میں 23 نومبر کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے درمیان انکاﺅنٹر میں حوالدار عبدالمجید سمیت 5 فوجی جوان جاں بحق جبکہ 2 جنگجو مارے گئے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ہفتے کے روز پونچھ پہنچے جہاں انہوں نے عبدالمجید کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے سماجی رابطہ گاہ ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘راجوری میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران شہید ہونے والے حوالدار عبدالمجید کے گھر واقع پونچھ پہنچ کر سوگوار خاندان سے تعزیت کی’۔ان کا کہنا تھا: ‘ان کے خاندان کی مادر وطن کی خدمت اور قربانیوں کی طویل تاریخ ہے پوری قوم کو ان کی جرات اور بہادری پر فخر ہے’۔
سنہا نے ایک اور پوسٹ میں کہا: ‘میں دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کے خاتمے کے لئے منصوبہ بند انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے فوج، جموں وکشمیر پولیس اور سی اے پی ایف کی تعریف کرتا ہوں’۔انہوں نے کہا: ‘ہم دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام اور دہشت گردوں کی مدد کرنے والوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو تیز کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ اپنے گھناﺅنے اقدامات کی بھاری قیمت ادا کریں گے’۔
Comments are closed.