کشمیر میں برف و باراں کی پیشگوئی، شبانہ درجہ حرارت میں بہتری۔لہیہ میں تازہ برف باری

سری نگر، 28 نومبر

وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڈ ہوا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سری نگر مختار احمد نے کہا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی برف باری اور بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 29 اور 30 نومبر کو ایک اور مغربی ہوا داخل ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا زیادہ اثر جنوبی کشمیر اور چناب وادی پر ہوگا جہاں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ یکم دسمبر تک موسم ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوسکتا ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ سے سردی بڑھ سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماہ دسمبر کے پہلے ہفتے کے دوران صبح کے وقت لوگوں کو دھند سے نجات مل سکتی ہے تاہم بعد میں کشمیر میں کہیں کہیں دھند پھر چھا سکتی ہے۔انہوں نے کہا قومی شاہراہ پر سفر کرنے والوں کو سفر اختیار کرنے سے قبل ٹریفک حکام کے ساتھ رابطہ کرنا چاہئے۔دریں اثنا وادی میں مطلع ابر آلود رہنے کے سبب شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ہے۔

سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ادھر لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ کو منگل کی صبح برف کی سفید چادر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔لیہہ میں منگل کی صبح جب لوگ باہر نکلے تو سفید چادر نے زمین کو ڈھانپ لیا تھا جس سے سردی میں مزید اضافہ درج ہوا ہے۔

Comments are closed.