پاکستانی رینجرس ملی ٹنٹوں کو اس طرف دھکیلنے میں ملوث :دفاعی ترجمان

سرینگر،16ستمبر

شمالی کشمیر کے ہتھ لنگہ اوڑی میں سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بناکر تین دہشت گردوں کا ہلاک کیا۔دفاعی ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔

سری نگر نشین دفاعی ترجمان نے بتایا کہ اوڑی میں ایل او سی پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تین دہشت گردوں کو مار گرایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سراغ رساں ایجنسیوں کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ دہشت گرد دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کی صبح مستعد اہلکاروں نے ہتھ لنگہ اوڑی میں دہشت گردوں کو ایک گروپ کو اس طرف آتے ہوئے دیکھا جس دوران انہیں للکارا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مسلسل دو گھنٹے تک دو بدو گولیوں کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ان کے مطابق جوں ہی سیکورٹی فورسز نے مزید دو کی تلاش شروع کی تو مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچتے ہی دہشت گردوں نے پھر فائرنگ شروع کی ، جوابی کارروائی میں دوسرا ملی ٹینٹ بھی مارا گیا جبکہ تیسرا جنگجو واپس پاکستانی زیر قبضہ کشمیر چلا گیا۔

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جوں ہی فوج نے تیسرے جنگجو کو تلاش کرنے کی خاطر کوڈ کاپٹر کا استعمال کیا تو پاکستانی رینجرس نے اس پر فائرنگ شروع کی تاکہ دہشت گردوں کو محفوظ راہداری فراہم کی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ تیسرا جنگجو بھی فوج کی فائرنگ میں زخمی ہوا تھا اور بعد ازاں اس کی بھی موت واقع ہوئی ہے۔ان کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے دو اے کے رائفلیں، ایک پستول ، سات گرینیڈ، ایک آئی ای ڈی ، نقدی 46ہزار روپیہ ، چھ ہزار پاکستانی کرنسی اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن سے عیاں ہوا کہ پاکستانی فوج دہشت گردوں کو اس طر ف دھکیلنے کی خاطر اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ یو این آئی

Comments are closed.