ٹی اے ڈی اے مقدموں میں ملوث دہائیوں سے مفرور 8 ملی ٹنٹ گرفتار: ایس آئی اے
سری نگر، جموں وکشمیر سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے ملی ٹنسی اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث 3 دہائیوں سے مفرور 8 ملی ٹنٹوں اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے۔
ایجنسی کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان ملی ٹنٹوں کے خلاف ضلع ڈوڈہ کے مختلف پولیس تھانوں میں 3 دہائیاں قبل ٹی اے ڈی اے مقدمے درج کئے گئے تھے اور ان کے خلاف ٹی اے ڈی اے عدالت جموں میں چارج شیٹ بھی دائر کی گئی تھی۔انہوں نے کہا: ‘ یہ مفرور دہشت گرد دہائیوں سے قانون کے شکنجے سے بچ رہے تھے اور مدت تک غائب رہنے کے بعد دوبارہ اپنے آبائی یا دور دراز علاقوں میں معمول کی زندگی گذرانے کے لئے سامنے آگئے’۔
ان کا بیان میں کہنا تھا: ‘ان مفرور دہشت گردوں میں سے کچھ سرکاری ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ کچھ نجی کاروبار میں مصروف ہوئے تو کچھ عدالت میں بھی کام کر رہے ہیں’۔
بیان کے گرفتار شدگان میں عادل فاروق فریدی ولد عبدالغنی فریدی ساکن ہائوس نمبر 230 شہیدی چوک جموں (جو اس وقت سرکاری ملازم ہے اور جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن جموں میں تعینات ہے)، محمد اقبال عرف جاوید ولد سکندر خان ساکن استھان محلہ ڈوڈہ، مجاہد حسین عرف نثار احمد ولد عبدالرشید گتھون ساکن استھان محلہ ڈوڈہ، طارق حسین ولد غلام علی مسگر ساکن برشالہ ڈوڈہ، اشتیاق احمد دیو عرف اعجاز سم ولد محمد ایوب دیو ساکن شاہ محلہ ڈوڈہ، اعجاز احمد عرف محمد اقبال ولد عبدالرحمان ساکن داندی بھدرواہ، جمیل احمد عرف جگنو عرف چکہ خان ولد فیض احمد ساکن کرساری بھدرواہ اور اشفاق احمد ولد غلام احمد شیخ ساکن بن ڈوڈہ (جو اس وقت کورٹ کمپلیکس ڈوڈہ میں بطور رائٹر کام کر رہا ہے، کے بطور کی گئی ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ گرفتار شدگان کو ان کے خلاف جاری کردہ وارنٹ کی پیروی میں ٹی اے ڈی اے \\\\ پی او ٹی اے کی عدالت جموں میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ مفرور دہشت گرد تاوان کے لئے اغوا کرنے اور غلام محمد وانی ساکن ڈوڈہ کو بندوق کی نوک پر دھمکانے میں ملوث تھے اور اس کے علاوہ یہ دہشت گرد محمد صادق اور طارق حسین ساکن ڈوڈہ کو اپنے گھر سے 23 اور 24 اپریل 1993 کی رات تاوان کے لئے اغوا کرنے میں ملوث تھے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں طارق حسین کو ہلاک کیا گیا جبکہ محمد صادق شدید زخمی ہوگئے تھے۔
ایجنسی کے بیان میں کہا گیا کہ ان دہشت گردوں نے جامع مسجد ڈوڈہ اور دیگر مساجد میں شب قدر کی عبادات کے دوران غلط بیانیہ پیش کرکے لوگوں کو اکسایا، کشمیر کے بے گناہ لوگوں پر مظالم ڈھائے اور انہیں ڈوڈہ میں بندوق کی نوک پر ہڑتال کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے کہا کہ اپنے وسیع تر اہداف کے حصول کے لئے ایس آئی اے نے دہشت گردی سے متعلق کیسوں میں ملوث تمام مفرور دہشت گردوں کو تلاش کرکے انہیں عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لئے ایک خصوصی مہم شروع کی ہے۔بیان کے مطابق ایس آئی اے نے ٹی ات ڈی اے اور پی او ٹی اے مقدموں میں ملوث کل 734 مفرور دہشت گردوں میں سے اب تک 369 دہشت گردوں کو ویریفائی کرکے ان کی نشاندہی کی ہیں اور ان میں سے 215 جموں جبکہ 154 کشمیر کے ہیں۔
یو این آئی ای
Comments are closed.