کشتواڑ میں جنگجوﺅں کے گھروں پر ایس آئی یو کے چھاپے

جموں،24مئی

جموں وکشمیر پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ (ایس آئی یو) نے بدھ کی صبح کشتواڑ کے مختلف علاقوں میں پاکستان میں مقیم چار سرگرم جنگجوﺅں کے گھروں پر چھاپے مارے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی کشتواڑ نے ان چھاپوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی وشال شرما نے یو اے پی اے کے تحت درج ایک کیس کے سلسلے میں جموں کی ایک خصوصی این آئی اے عدالت کی طرف سے تلاشی وارنٹ حاصل کرنے کے بعد کشتواڑ میں پاکستان میں مقیم چار جنگجوﺅں کے گھروں یا رہائشی احاطوں کی تلاشی لی۔
انہوں نے کہا کہ جن جنگجوﺅں کے گھروں کی تلاشی لی گئی ان میں آزاد احمد ساکن فانی پڈر، غازی الدین ساکن جگنا کیشوان، بشیر احمد مغل ساکن جگنا کیشوان اور ستار الدین عرف رجب ساکن جگنا کیشوان شامل ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ جنگجو پاکستان زیر انتظام کشمیر سے کام چلا رہے ہیں۔موصوف ایس ایس پی نے کہا کہ تلاشی کے دوران جمع کئے جانے والے شواہد کی تحقیقات کی جائے گی تاکہ ملزمان کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور ملی ٹنسی کو دوام بخشنے کے لئے عدالتی فیصلہ کے تابع کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے دوران ملوث پائے جانے والے جنگجوﺅں کے تمام حامیوں اور ساتھیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان تلاشیوں کا مقصد مختلف جنگجو معاونین اور جنگجو حامیوں کی شناخت کرکے ضلع میں ملی ٹنٹ ماحولیاتی نظام کو ختم کرنا ہے۔

Comments are closed.