ایس آئی یو نے کولگام میں حزب سے وابستہ سرگرم جنگجو کے گھر کی تلاشی لی
سرینگر،6 مئی
جموں وکشمیر پولیس کے سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ(ایس آئی یو) نے ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں حزب المجاہدین سے وابستہ ایک سر گرم جنگجو کے گھر پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
ایس آئی یو کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی یو کولگام نے ہفتے کے روز چک ڈیسن یاری پورہ میں سر گرم جنگجو فاروق احمد بٹ عرف نالی کے والد عبدالغنی بٹ کے رہائشی احاطے کی تلاشی لے لی۔انہوں نے کہا کہ فاروق بٹ کالعدم جنگجو تنظیم حزب المجاہدین جنگجو سے وابستہ سرگرم جنگجو ہے اور وہ کئی مقدموں میں مطلوب ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ این آئی اے ایکٹ کے تحت نامزد خصوصی جج کولگام کی طرف سے پولیس اسٹیشن یاری پورہ کولگام میں درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر 142/2019 کے معاملے میں تلاشی وارنٹ جاری کئے جانے کے بعد یہ تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔ بیان کے مطابق یہ کیس سال 2019 میں کٹروسہ کولگام میں پانچ غیر مقامی مزدوروں کی ہلاکت کے متعلق ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایس آئی یو اس کیس کی تحقیقات کر رہی ہے اور مرتکبین کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے تلاشی کارروائیاں انجام دی جا رہی ہیں۔یو این آئی
Comments are closed.