وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا دورہ راجوری، آپریشن میں مصروف فوجیوں کیساتھ بات کی
جموں،6مئی
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتے کے روز راجوری اور پونچھ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔بتادیں کہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں اکتوبر 2021 سے اب تک آٹھ حملوں میں 26 فوجی اہلکاروں سمیت 35 افراد از جان ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ موصوف وزیر دفاع، آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ جموں میں مختصر قیام کے بعد راجوری میں ایس آف سپیڈس ڈویڑن کے ہیڈ کوارٹر پر پہنچے۔انہوں نے کہا کہ موصوف وزیر دفاع نے کنڈی جنگجوﺅں کے خلاف جاری آپریشن میں مصروف فوجی جوانوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔ان کا کہنا تھا کہ فوجی سربراہ پہلے ہی دلی سے جموں پہنچے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دویدی، وائٹ نائیٹس کور کے کمانڈر اور صوبائی کمشنر جموں بھی راجوری کے لئے راج ناتھ سنگھ کے ہمراہ تھے۔قبل ازیں فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دویدی نے جائے انکاﺅنٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں ‘آپریشن ترینترا’ کے گراﺅنڈ کمانڈروں نے آپریشن کے بارے میں بریف کیا۔بتادیں کہ زائد از ایک دہائی قبل ملی ٹنسی سے پاک قرار دئے جانے والے صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع گذشتہ 18 مہینوں کے دوران کئی حملوں سے لرز اٹھے۔
راجوری کے کنڈی علاقے میں پانچ فوجی جوانوں کی ہلاکت سال رواں کا تیسرا بڑا واقعہ ہے اور یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب پونچھ کے بھاٹا دوریاں علاقے میں جنگجوﺅں کی طرف سے ایک فوجی ٹرک پر حملے کے بعد پندرہ دنوں سے تلاشی آپریشن جاری ہے۔20 اپریل کو کئے جانے والے اس حملے میں پانچ فوجی جوان از جان ہوئے تھے۔ذرائع کے مطابق اس واقعے کے پیش نظر زائد از ڈھائی سو افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا گیا ہے۔یو این آئی
Comments are closed.