کشتواڑ فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ : زخمی ٹیکنیشن اسپتا ل میں دم توڑ بیٹھا

جموں،4 مئی

جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے مارواہ علاقے میں جمعرات کی صبح ایک فوجی ہیلی کاپٹر دریائے ماروا پر ہنگامی لینڈنگ کرنے سے تباہ ہونے کے نتیجے میں دو پائیلٹ سمیت تین فوجی جوان زخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجے کے لئے فوجی ہسپتال اودھم پور منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ٹیکنیشن کو مردہ قراردیا۔

دفاعی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک آپریشن مشن پر فوج کے ایوی ایشن اے ایل ایچ دھرو ہیلی کاپٹر نے جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں دریائے ماروا کے کنارے پر جمعرات کی صبح قریب سوا گیارہ بجے احتیاطی طور پر لینڈنگ کی۔انہوں نے کہا کہ پائیلٹس نے ائیر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو تکنیکی خرابی کے بارے میں مطلع کیا تھا اور بعد میں احتیاطی لینڈنگ کرائی۔

بیان میں کہا گیا: ‘ناہموار زمین، انڈر گروتھ اور علاقہ لینڈنگ کے لئے موافق نہ ہونے کی وجہ سے بظاہر ہیلی کاپٹر زمین پر زور سے گرا’۔ان کا کہنا تھا کہ واقعہ پیش آتے ہی فوج نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

بیان میں کہا گیا: ‘جہاز میں دو پائلیٹ اور ایک ٹیکنیشن سوار تھے تینوں زخمیوں کو نکال کر کمانڈ ہسپتال اودھم پور منتقل کیا گیا’۔ذرائع کے مطابق کئی گھنٹوں تک ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد ٹیکنیشن دم توڑ گیا۔بیان کے مطابق اس سلسلے میں کورٹ آف انکوائری کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔یو این آئی

Comments are closed.