بیساکھی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
سری نگر، 14 اپریل
جموں وکشمیر میں جمعے کو سکھ برادری نے خالصہ پنتھ کے قیام اور فصلوں کی کٹائی کی خوشی میں منایا جانے والا بیساکھی کا تہوار انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔
سری نگر میں اس تہوار کے موقع پر شہر ہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع مغل باغات کو سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھول دیا جاتاہے۔جمعے کی صح سے ہی سکھ برادری سے وابستہ افراد کا گردواروں اور دوسرے مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔
وادی میں بیساکھی کے تہوار کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب گرمائی راجدھانی سری نگر میں کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح ) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نزدیک میں ہی واقع ہیں۔سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعددا، جس میں خواتین، بوڑھے اور بچوں کی خاصی تعدداد شامل تھی، نے صبح سویرے سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کی تھی۔
اس موقعے پر سکھ عقیدت مندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جس نے جمعے کی صبح اس گردوارے کا دورہ کیا، نے بتایا کہ گردوارے کے باب الداخلے پر رضا کار تعینات کئے گئے تھے جو عقیدت مندوں اور میڈیا اہلکاروں کو ایک ایک کرکے اندر جانے کی اجازت دے رہے تھے۔چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہ مولہ، ترال، جواہر نگر، صنعت نگر، برزلہ اور وادی کےد وسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔حسب روایت جمعے کو ایک بار پھر کشمیری مسلمان اور کشمیری پنڈت سکھوں کو بیساکھی کے تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نظر آئے۔
دریں اثنا سری نگر میں واقع مغل باغات بشمول نشاط، شالیمار اور چشمہ شاہی کو جمعے کے روز سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔تاہم یہ باغات غیر سرکاری طور پر گذشتہ ایک ماہ سے سیاحوں کے کے لئے کھلے تھے۔صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی بیسکاھی کا تہوار انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ہے۔اس موقع پر شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ صوبے کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔یو این آئی
Comments are closed.