سرحدوں پر مزید چوکیاں قائم کی جارہی ہیں، ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے/دلباغ سنگھ
جموں،23مارچ جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے جمعرات کے روز کہاکہ سرحدوں پر سیکورٹی گرڈ کو مستحکم کرنے کی خاطر مزید چوکیاں قائم کی جارہی ہیں۔
ان باتوں کا اظہار ڈی جی پی نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ امسال کچھ ملی ٹینٹوں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ راجوری کے ڈانگری گاوں میں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے والی ملی ٹینٹوں نے ہی عام شہریوں کا قتل کیا۔ان کے مطابق بارہ مولہ اور کپواڑہ میں برف باری سے قبل جتنے بھی ملی ٹینٹ اس طرف آئے ان کا بہت حد تک صفایا کیا گیا۔ڈی جی پی نے کہاکہ 56ایسے غیر ملکی ملی ٹینٹ جو یہاں دراندازی کے ذریعے آئے ہوئے تھے ان کا لگ بھگ صفایا کیا گیا تاہم ابھی بھی کچھ بچے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ملک دہشت گردوں کو تربیت دے کر اس طرف دھکیلنے کی لگاتار کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہمسایہ ملک کو جموں وکشمیر کا امن راس ہی نہیں آرہا ہے اور وہ یہاں پر ملی ٹینٹوں کو دھکیل کر حالات کو درہم برہم کرنے کی کوششو ں میں لگا ہوا ہے۔سرحدوں کی سیکورٹی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی گرڈ کافی مضبوط ہے اور مزید مضبوطی کی خاطر نئی چوکیاں قائم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ اب منشیات کے چیلنج کا بھی سامنا ہے۔ان کے مطابق پاکستان منشیات کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہاکہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔یو این آئی
Comments are closed.