سپریم کورٹ میں3خواتین سمیت9نئے ججوں کی حلف برداری؛ عدالت عظمیٰ میںچیف جسٹس سمیت ججوں کی تعداد 33 ہوگئی، ایک نشست خالی

سری نگر:۳۱، اگست: سپریم کورٹ آف انڈیا کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا کہ ایک ہی وقت میں 9نئے ججوں نے اپنے عہدے کیلئے حلف لیا۔ منگل کے روز نئے ججوں کے حلف لینے کے ساتھ عدالت عظمیٰ میںچیف جسٹس سمیت ججوں کی تعداد 33 ہوگئی، جب کہ چیف جسٹس سمیت ججوں کی منظور شدہ تعداد 34 ہے۔اوریوں9 ججوں کی آمد کے بعد بھی ایک نشست خالی رہے گی۔کشمیرنیوزسروس (کے این ایس )مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس این وی رمنا نے منگل کے روز سپریم کورٹ میں جج کے عہدے کے طور پر 3 خواتین ججوں سمیت 9نئے ججوں کو حلف دلایا ۔ سپریم کورٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب9 ججوں نے ایک ساتھ اس عہدے کے لئے حلف لیا۔ اس طرح سپریم کورٹ میں ججوں کی کل تعداد 33 ہوگئی۔سپریم کورٹ کے نئے9ججوں کو عہدے کا حلف چیف جسٹس کے کورٹ روم میں دلوایا جاتاہے، تاہم آج کی یہ حلف برداری تقریب سپریم کورٹ کے اضافی بلڈنگ کمپلیکس میں موجود آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جہاں کووڈ کے رہنما ہدایت پر مکمل طور پر عمل کیا گیا۔سپریم کورٹ کے ججوں کے طور پر حلف لینے والے9نئے ججوں کی فہرست میں شامل ہیں، جسٹس ابھے شرینواس اوکا، جو کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔ اس کے بعد گجرات ہائی کورٹ میں بطور چیف جسٹس اپنی خدمات انجام دے چکے جسٹس وکرم ناتھ، سکم ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے جسٹس جتیندر کمار مہیشوری، کیرالہ ہائی کورٹ کے جج رہ چکے جسٹس سی ٹی روی کمار اور سینیئر ایڈوکیٹ اور سابق ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل پی ایس نرسمہا شامل ہیں۔وہیں جن تین خواتین ججوں نے حلف لیا ہے، ان میں جسٹس بی وی ناگراتھنا (کرناٹک ہائی کورٹ)، جسٹس ہما کوہلی (تلنگانہ ہائی کورٹ) اور جسٹس بیلا ترویدی (گجرات ہائی کورٹ) شامل ہیں۔جسٹس بی وی ناگراتھنا 2027 میں ملک کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن سکتی ہیں۔ جسٹس ناگراتھنا کی پیدائیش 30 اکتوبر 1962 کو ہوئی تھی اور وہ سابق چیف جسٹس ای ایس وینکٹ رمیا کی بیٹی ہیں۔ ان نو نئے ججوں میں سے 3، جسٹس ناتھ اور جسٹس ناگراتھنا اور جسٹس نرسمہا، چیف جسٹس بننے کی قطار میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ پچھلے 10 سالوں میں ججوں کی کل تعداد میں سب سے کم تعداد اب بھی کام کررہی ہے۔ یعنی 34 ججوں کی منظور شدہ تعداد میں سے صرف 24 جج ہی کام کررہے ہیں۔ تاہم9 ججوں کی آمد کے بعد بھی ایک نشست خالی رہے گی۔وہیں، دوسری طرف جسٹس بی وی ناگراتھنا، جسٹس ہما کوہلی اور جسٹس بیلا ترویدی کے آنے کے بعد سپریم کورٹ میں 4 خواتین جج ہوں گی، جن میں جسٹس اندرا بنرجی بھی شامل ہیں، جو پہلے سے ہی یہاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان میں سے جسٹس بی وی ناگراتھنا 2027 میں ملک کی پہلے چیف جسٹس بن سکتی ہیں۔واضح رہے کہ ہائی کورٹ کے جج 62سال کی عمر میں ریٹائر ہوتے ہیں جب کہ سپریم کورٹ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال ہوتی ہے۔

Comments are closed.