تعمیراتی میٹرئیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ؛ ریت وباجری کی نکاسی کرنے والے کریشر مالکان بے لگام ،حکام کیلئے توجہ طلب معاملہ
سرینگر /یکم اگست / کے پی ایس : تعمیراتی میٹرئیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ اورکریشر والوں کی جانب سے لوگوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے جس پر انتظامیہ کی خاموشی تشویشناک ہے ۔اس سلسلے میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کو بتایاکہ ان کے علاقوں میں کریشر والوں نے لوٹ مچاکے رکھی ہے ۔جبکہ سیمنٹ ،لوہے ،لکڑی ،المونیم وغیر ہ جیسے تعمیراتی میٹرئیل کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک ٹپر200فٹ باجری 6ہزار روپے میں فروخت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کریشر والوں کی من مانی قیمتوں نے تعمیراتی ڈھانچے کھڑا کرنے والوں کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے رہائشی مکان یا اور کوئی تعمیراتی ڈھانچہ کھڑا کرنے کی شروعات کی یا کوئی ارادہ رکھتا ہے وہ بالکل مایوس ہوچکے ہیں کیونکہ وہ لوگ تعمیراتی ڈھانچے کی بنیاد رکھتے ہی مالی سکت کھوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مکان یا دوسرے کسی عمارت کی بنیاد مضبوط بنانے کیلئے باجری کی ضرورت ہوتی ہے اور آجکل باجری اور ریت ہی زیادہ تر کام میں لائی جاتی ہے لیکن ان کی قیمتیں ایسی رکھی گئی ہیں جو ناانصافی پر مبنی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دریا ،ندی نالے قومی اثاثے ہیں لیکن ان پر کئی خود غرض افراد نے افسران کی پشت پناہی سے اپنی جاگیر بنا کران پر اپنا بھر پور قبضہ جمایا ہے جو کہ سراسر ناجائز اور غیر قانونی عمل ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے گورنرانتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان علاقوں میں کریشر والوں کی لگام کسنے میں اپنا رول ادا کریں اور دوسرے علاقوں کی طرح قیمتیں مقرر کی جائیں تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔
Comments are closed.