کنگن میں سیلابی رپانی کا ریلا مکانوں میں داخل ؛ متعدد رہائشی مکانوں کو نقصان، کئی سڑکیں بہہ گئیں،عوام پریشان

سری نگر :٢،اگست: سرینگر لیہہ شاہراہ پر پسیاں گرآنے سے گاڑیوں کی نقل و حمل متاثر ہوئی جبکہ موسلادار بارشوں کے نتیجہ میں سیلابی ریلوں سے کنگن میںکئی سڑکوں کو نقصان پہنچا۔ کے این ایس کے مطابق سرفرائو کنگن کے اوپری علاقوں میں ممکنہ طور پر بادل پھٹنے سے موسلادار بارشوں سے پانی کے ریلے سے علاقہ میںسیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ سیلابی ریلے کا پانی متعدد مکانوں کے اندر داخل ہوگیا جبکہ زرعی اراضی بھی پانی میں ڈوب گئی تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ مقامی لوگوںکاکہنا ہے کہ گنہ ون اور سمبل کو جوڑنے والی سڑک بھی پانی کے تیز ریلوں میں بہہ گئی۔ دیر گئے اتوار کی شب سمبل میں پسی گرآئی جس کے سبب سرینگر لیہہ شاہراہ بند ہوگئی اور سوموار کی صبح پولیس اور بارڈ روڑ آرگنائزیشن کی کوششوں کے بعد اسے جزوی طور پر بحال کیاگیا۔ علاقہ میں سلامتی کودیکھتے ہوئے متعدد کنبوں کو وہاں سے محفوظ مقامات پرمنتقل کیاگیا ہے۔ کنگن کے دراڈوراور یچہامہ میں بھی سیلابی ریلے آنے کی اطلاعات ہیں جس میں چند رہائشی مکانوں اور سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کے این ایس کے مطابق پولیس تھانہ گنڈ اور کنگن نے ایس ڈی پی او کنگن کی نگرانی میں بچائو کارروائی شروع کی اور رات میں کئے گئے آپریشن کے سبب سرینگر لیہہ شاہراہ سوموار کی صبح بحال کی گئی جبکہ پولیس اور ایس ڈی آر ایف نے متعدد کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ایک سرکاری عہدیدار کاکہنا ہے کہ سیلابی ریلے سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہاہے اور گنہ ون سمبل سڑک کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سرفرائو میں گزشتہ روز پسی گرآنے کے سبب گاڑیوں کی نقل و حمل متاثر ہوئی اور رات کے دوران ہی ملبہ ہٹایا گیا اور سڑک کو گاڑیوں کی آواجاہی کیلئے بحال کیاگیا۔ گاندربل پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ لوگوںنے پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے فوری طور پر کام کرنے کی سراہنا کی ہے۔

Comments are closed.