معروف صحافی اور اْردوروزنامہ ’وادی کی آواز‘ کے بانی و مدیر غلام نبی شیدا انتقال کر گئے

کئی سماجی ، سیاسی اور صحافتی انجمنوں کے علاوہ دیگر کئی اشخاص نے رنج و غم کا اظہار کیا

سرینگر /19جنوری : معروف صحافی اور اْردوروزنامہ ’وادی کی آواز‘ کے بانی و مدیر غلام نبی شیدا گذشتہ رات کے دوران سرینگر میں انتقال کرگئے۔ادھر مرحوم کے انتقال پر کئی سماجی ، سیاسی اور صحافتی انجمنوں کے علاوہ دیگر کئی اشخاص نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دکھ زدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعائیں کی ۔ سی این آئی کے مطابق بزرگ صحافی اورروزنامہ’ وادی کی آواز‘کے بانی ومدیر اعلیٰ غلا م نبی شہداسوموار کورات دیرگئے اس دنیائے فانی سے رحلت کرگئے ۔ جنوبی ضلع پلوامہ کے اصل باشندہ غلام نبی شیدا کی وصیت کے مطابق اْنہیں آج صبح گوری پورہ پلوامہ لیجایا گیا جہاں اْنہیں اپنے آبائی قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا۔اس سے قبل مرحوم کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ادھر وادی کے صحافتی حلقوں نے غلام نبی شیدا کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اْنہیں ایک بہترین صحافی اور قلب سلیم رکھنے والا انسان قرار دیا ہے۔مرحوم کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اْنہوں نے ساری زندگی اپنے اْصولوں کی آبیاری کی اورسخت ترین مصائب کا سامنا تھا ۔ اسی دوران صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے وادی کے بزرگ اور کہنہ مشق صحافی و قلم کار اور روزنامہ وادی کی آواز کے مدیر اعلیٰ الحاج غلانبی شیدا کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ لیڈران نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی لیڈران نے صحافتی میدان میں مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، رکن پارلیمان حسنین مسعودی ،ترجمان عمران نبی ڈار اور انچارج کانسچونسی پانپور ایڈوکیٹ یاور مسعودی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ادھر انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر نے مرحوم غلام نبی شیدا کاانتقال کشمیرکی صحافت کیلئے ایک بڑا نقصان ہے ،اوراْن کے انتقال سے پیداشدہ خلاپورا کرنا بہت مشکل ہے۔ انجمن اْردوصحافت کے صدرریاض احمد ملک ،جنرل سیکرٹری امتیاز احمدخان اوردیگرتمام ذمہ داران، غلام نبی شیداکے انتقال پْرملال پرگہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ اوردیگرجملہ سوگواراں کیساتھ ہمدردی اورتعزیت کااظہار کرتے ہیں۔اسی دوران کشمیر پریس کلب نے بھی مرحوم کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمددری کا اظہار کیا ہے ۔ اسی دوران ادارہ سی این آئی کے تمام جملہ اراکین نے بھی ادی کی آواز کے مدیر اعلیٰ الحاج غلانبی شیدا کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ لیڈران نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔

Comments are closed.