حکومت برف باری سے پیدا شدہ مشکلات کو جلد دور کرے : غلام احمد میر

سری نگر،3 جنوری : جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے تازہ برف باری سے وادی کشمیر میں لوگوں کو درپیش مشکلات پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے یونین ٹریٹری حکومت سے کشمیر میں موسم سرما کے دوران بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وادی کے تمام علاقوں خاص کر کپرن، ڈورو، ڈکسن، نور آباد، پہلگام، بجبہاڑہ وغیرہ علاقوں میں جنگی بنیادوں پر سڑکوں سے برف ہٹایا جائے تاکہ لوگوں کو چلنے پھرنے میں مشکلات سے دو چار نہ ہونا پڑے ۔ بیان میں ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے پہاڑی علاقوں جیسے کرناہ، کیرن، گریز اور جنوبی وکشمیر کے علاقوں، جن کا اپنے ضلع ہیڈ کوارٹروں کے ساتھ تازہ برف باری سے رابطہ منقطع ہوا ہے ، میں لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر کی جائیں۔بیان میں تازہ برف باری کا تذکرہ کرتے ہوئے موصوف صدر نے کہا ہے کہ تازہ برف باری سے کئی علاقوں کا اپنے ضلع ہیڈ کوارٹروں کے ساتھ رابطہ منقطع ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ان کچھ انچ برف کے نیچے انتظامیہ بھی دب گئی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ متعلقہ ایجنسیوں کو کام پر لگا دیا گیا ہے لیکن انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ کام کو مزید تیز کرکے لوگوں کو مشکلات سے باہر نکالے اور بجلی، پانی اور سڑکوں کی بحالی کو جلد از جلد یقینی بنائے ۔یو این آئی-

Comments are closed.