برطانیہ میں کووڈ 19کی دوسری قسم کی وبائی بیماری پھیلنے کے بعد برطانیہ سے جموں کشمیر لوٹنے والے 20 مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا گیا/انتظامیہ
سرینگر/25دسمبر: برطانیہ میں کووڈ 19کی دوسری قسم کی وبائی بیماری پھیلنے کے بعد برطانیہ سے لوٹنے والے مسافروں کی نشاندہی کا کام شروع کیا گیا ہے اور اب تک قریب 20ایسے افراد کا پتہ لگاکر ان کو الگ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق برطانیہ میں کوروناوائرس کی دوسری قسم دریافت ہونے کے بعد جہاں برطانیہ میں پھر سے لاک ڈاون کیا گیا ہے وہیں پر دیگر ممالک نے برطانیہ کے ساتھ ہوائی رابطہ بھی منقطع کرلیا تاکہ وائرس مزید پھیل نہ جائے ۔ اس دوران بھارت کی جانب سے بھی برطانیہ سے آنے والے شہریوں کو الگ قرنطینہ میں رکھنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ دریں اثناء جموں کشمیر انتظامیہ نے بھی اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیکر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ لیا ہے جبکہ انتظامیہ نے برطانیہ سے جموں کشمیر لوٹنے والوں کی تلاش شروع کردی ہے اور اب تک 20افراد کا پتہ لگاکر ان کو الگ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ رواں ماہ جو بھی لوگ برطانیہ سے یوٹی واپس لوٹے ہیں ان کو الگ رکھا جارہا ہے ۔ادھر حکام نے یونین ٹریٹری میں الرٹ جاری کرکے تمام ضلع مجسٹریٹوں کے نام اس ضمن میں خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ہیلتھ اور میڈیکل ایجوکیشن کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا’’ہم نے بیس ایسے لوگوں کی نشاندہی کی ہے جنہوں نے ماہ دسمبر میں برطانیہ کا سفر کیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔اس دوران لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سماجی دوری برقرار رکھیں اور فیس ماسک کا بدستور استعمال کریں کیوں کہ برطانیہ میں جو وائرس پایا گیا ہے وہ جلدی پھیل جاتا ہے ۔
Comments are closed.