زاسو پلوامہ میں ڈرینج سسٹم تعمیر کرانے کا مطالبہ ؛ مقامی لوگوں کا احتجاج ، پلوامہ لیتر روڑ پر دیا دھرنا

سرینگر/19نومبر: پلوامہ لیتر روڑ پر جمعرات کی اعلیٰ صبح اس وقت ٹریفک کی نقل و حمل مسدود ہو کر رہ گئی جبکہ زاسو علاقے کے لوگوں نے ناقص ڈرینج سسٹم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے سڑک پر دھرنا دیا اور گاڑیوں کی نقل و حمل روک دی ۔ سی این آئی نمائندے نے اس ضمن میں پلوامہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ زاسو ٹہاب علاقوں کے لوگوں نے جمعرات کی صبح گھروں سے باہر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے اور الزام عائد کیا کہ علاقے میں نا قص ڈرینج سسٹم کی موجودگی سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے جبکہ علاقے میں وبائی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا احتمال ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے بار بار متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ علاقے میں ڈرینج سسٹم تعمیر کیا جائے تاکہ لوگوں کے جو بھی مسائل ہے وہ حل ہو سکے لیکن آج تک اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا گیا جس کے باعث لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرینج سسٹم کی عدم دستیابی کے باعث بارشیں ہوتے ہی لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا محال ہو گیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں ڈرینج سسٹم تعمیر کیا جائے تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔ نمائندے کے مطابق لوگوں نے سڑک پر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں ٹریفک کی آمد رفت بھی معطل ہوئی ۔

Comments are closed.