ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر آلٹو کار نالہ سندھ میں گر گئی

حادثے میں ایک نوجوان لقمہ اجل ، 4زخمی، ہسپتال میں حالت نازک

سرینگر/07نومبر: سونہ مرگ ضلع گاندربل میں ایک آلٹو گاڑی حادثے کی شکار ہوئی جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور موقعے پر ہی لقمہ اجل بن گیا جبکہ گاڑی میں سوار دیگر 4مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سرینگر لہہ شاہراہ پر سونہ مرگ ضلع گاندربل میں حاجی کبیر کے مقام پر ایک آلٹو گاڑی زیر نمبر JK-16A 6111ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور نالہ سندھ میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور موقعے پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی نالہ سندھ میں لڑھک کر گری اور اُلٹی ہوئی جس میں سوار گاڑی کا ڈرائیور سہیل احمد بٹ ولد عبدالرحمان بٹ ساکن رئیل گنڈ موقعے پر ہی ہلاک ہوا ۔ جبکہ گاڑی میں سوار دیگر 4افراد شدید زخمی ہوئے ۔ حادثے کے فورا بعد پولیس اور مقامی لوگوں نے سبھی زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکال کر نزدیکی ہسپتال پہنچایا جہاں کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ اس دوران پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کرلیا ہے ۔

Comments are closed.