شوپیان میں نا معلوم بندوق برداروں کا بینک کی گاڑی پر دن دھاڑے حملہ؛ 60لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرار ، کیس درج ، تلاش بڑے پیمانے پر جاری
سرینگر /05نومبر: پہاڑی ضلع شوپیان کے مین چوک میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب نا معلوم مسلح افراد نے جموں کشمیر بینک کی ایک گاڑی سے بھاری تعداد میں رقم لوٹ لی اور فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ۔ پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی سے قریب 60لاکھ روپے لوٹ لی گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق شوپیان کے ٹاک مسجد کے قریب جمعرات کی صبح اس وقت افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب قصبہ میں قائم جموں کشمیر بینک کی شاخ کے باہر نا معلوم مسلح افراد نے اے ٹی ایم کیلئے رقم لا رہی گاڑی پر حملہ کرکے اس کو لوٹ لیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چار بندوق برداروں نے رقم لارہی گاڑی پر حملہ آور ہوکر اس میں موجود60سے80لاکھ روپے لوٹ لئے۔اسلحہ بردار رقم لوٹنے کے بعد جائے موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، واقعہ کی خبر پھیلتے ہی فوج و فورسز کی اضافی نفری علاقے میں پہنچ گئی جنہوں نے پورے علاقے میں تلاشی کارورائی عمل میں لاکر مسلح بندوق برداروں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے کونا کونا چھان مارا تاہم کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح جنگجوئوں نے بینک کی گاڑی کو لوٹ کر اس سے 60لاکھ روپے نقدی رقم لوٹ لی ۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کر دی گئی ہے ۔
Comments are closed.