کٹھوعہ اور پونچھ میں ہندوپاک افواج کے مابین شبانہ گولہ باری

رات کی تاریکی میں آر پار سماعت شکن گولہ باری سے سرحدی علاقے دھل اُٹھے

سرینگر/10اکتوبر: ہندوستان اور پاکستانی فوج کے مابین شبانہ گولہ باری کے نتیجے میں کٹھوعہ اور پونچھ میں سرحدی علاقے دھل اُٹھے اور دونوں جانب فوجیوں نے جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ایک دوسری کی فوجی چوکیوںکو نشانہ بنایا ۔ ادھر بھارتی دفاعی ذرائع نے ایک بار پھر پاکستانی فوج پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کاالزام لگایا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر اور ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ہندوستان اور پاکستان کی افوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں ایل او سی پر قریب ڈیڑھ بجے رات پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متصل بستوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری شروع کی۔انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات بھارتی فوجی جوانوں نے اس حملے کا بھر پور جواب دیا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔اسی طرح ضلع کٹھوعہ میں بھی بین الاقوامی سرحد پر آر پار گولہ باری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں اضلاع میں رات کی تاریکی میں آر پار سماعت شکن گولے داغے گئے جس کے نتیجے میں سرحدی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں میں سہم کے رہ گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گولہ باری کی آوازسنتے ہی بستی والوں نے بجلی غل کردی ۔

Comments are closed.