کپوارہ ،پٹن اورنوگام سری نگر میں المناک حادثات؛ بی ایس این ایل ملازم ،نوجوان اوربزرگ شہری جاں بحق

کپوارہ ،سری نگر:۰۱، اکتوبر: سرکاری مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ(بی ایس این ایل) کا ایک ملازم ہفتہ کو شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں ایک درخت سے گر کر لقمہ اجل بن گیا۔مذکورہ ملازم فائبر کیبل کی مرمت کے دوران گر کر جاں بحق ہوگیا۔جے کے این ایس کومقامی لوگوں نے بتایاکہ بی ایس این ایل ملازم کو درخت سے گرنے کے فوراً بعدشدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ا±سے مردہ قرار دیا۔جاں بحق ملازم کی شناخت سہیل احمد پیر ولد غلام محمد پیر ساکن جگر پورہ، کپوارہ کے طور ہوئی ہے۔اُدھر پولیس نے اس حادثے کی مناسبت سے تحقیقات شروع کردی ہے ۔اس دوران کھن پیٹھ پٹن میں ایک25سالہ نوجوان ایک مکان سے گرکر لقمہ اجل بن گیا۔معلوم ہواکہ 25سالہ نوجوان فردوس احمدپرے کوئی کام کررہاتھاکہ وہ اچانک مکان کی دوسری منزل سے نیچے زمین پرگرگیا،جسکے نتیجے میں وہ شدیدزخمی ہوگیا۔نوجوان کواہل خانہ نے اسپتال منتقل کیالیکن ڈاکٹروں نے اُس کومردہ قراردے دیا۔تاہم پٹن پولیس کی جانب سے ابھی تک اس حادثے کی تصدیق نہیں کی گئی ۔ادھرسری نگرکے مضافاتی علاقہ نوگام میں ایک67سالہ شخص سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔اس بارے میں معلوم ہواکہ ایک تیز رفتارگاڑی نے نوگام سری نگرمیں ایک نجی اسپتال کے نزدیک 67سالہ شخص محمدمزمل ساکنہ جواہرنگرسری نگرکو ٹکر مارشدیدزخمی کردیا۔زخمی شہری کوخون میں لت پت صدراسپتال سری نگرمنتقل کیاگیا،جہاں ڈاکٹروں نے اُس کومردہ قراردے دیا۔نوگام پولیس نے اس سڑک حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ حادثے کی موجب بننے والی گاڑی کوضبط اوراسکے ڈرائیور کوحراست میں لینے کے بعدکیس درج کیاگیا۔

Comments are closed.