سوپور قصبہ میں سراسیمگی:نوجوان کی گھرمیں پُراسرارموت ؛ بونیاراوڑی کے ایک شخص کی نعش حضرتبل سری نگرمیں برآمد
سوپور،سری نگر:۰۱، اکتوبر: جمعہ کے روز ضلع بڈگام کے رڈبگ ماگام گاؤں میں ایک22سالہ دوشیزہ کی گھرمیں پُراسرارموت واقعہ ہونے کے چوبیس گھنٹے بعدشمالی قصبہ سوپورمیں اسی نوعیت کے ایک واقعے میں ایک نوجوان کوگھرکے ایک کمرے میں مردہ پایاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق قصبہ سوپورکے چھان کھن علاقہ میں سنیچرکی صبح اُسوقت تشویش کی لہردوڑ گئی جب یہاں ایک نوجوان عامرمجید سحرخوان ولد عبدالمجید کو اہل خانہ نے گھرکے ایک کمرے میں بے ہوش پڑاپایا۔اہل خانہ کے مطابق انہوں نے عامر کوفوری طورپر سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور پہنچایالیکن یہاں موجود ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی معائنے کے بعدعامرمجید کومردہ قراردے دیا۔سوپور پولیس نے نوجوان کی پُراسرارموت واقعہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔اس دوران ضلع بارہمولہ کے بونیاراوڑی کے رہنے والے ایک شخص کی نعش پُراسرارحالت میں سری نگرکے حضرتبل علاقہ میں ایک دکان کے باہرسے برآمد کی گئی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ حضرتبل علاقہ میں ایک دکان کے باہرکسی نامعلوم شخص کی نعش پڑی ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ نگین کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی ،اورنعش کواپنی تحویل میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق بعدازاں اسکی شناخت عبدالحمید میرولد مرحوم شیرعلی ساکنہ بونیار اوڑی کے بطورہوئی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں کیس در ج کرکے تحقیقات شروع کی گئی جبکہ طبی وقانونی لوازمات پورے کرنے کے بعدنعش لواحقین کے سپردکی گئی ۔
Comments are closed.