عالمگیر وبائی بیماری کوروناوائرس میں آئے روز اضافہ تشویشناک

وائرس کو آسان نہ لیا جائے ،ایس او پیز پر عمل کرنے میں لیت ولعل وائرس کو پھیلانے کا موجب /ماہرین

سرینگر / کے پی ایس : عالمگیر وبائی بیماری کورونا وائرس کی لپیٹ میں دنیا کے بیشتر ممالک آئے ہیں اور دوسرے کئی ممالک کی طرح جموںوکشمیر میں بھی آئے روز اس میں اضافہ ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔اب تک کوروناوائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد70ہزارتک پہنچ گئی ہے جبکہ مہلوکین کی تعداد 1300سے زائد ہے ۔اگر چہ مریض صحت یاب ہورہے ہیں تاہم مثبت معاملات سامنے آنے میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے ۔کوروناوائرس ایک مہلک اوروبائی بیماری ہے جس کی تصدیق ورلڈہیلتھ آرگنائز یشن سمیت عالمی سطح کی تمام طبی تنظیموں نے کی ہے اور ان لوگوں نے بھی اس بیماری کو سچ پر مبنی قراردیا اور صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے اس مہلک ووبائی بیماری کے حوالے سے اپنے مشاہدات کو سامنے لاکر اس بات کی وضاحت کی کہ کوروناوائرس ایک مہلک وائرس ہے اس سے متعلق بتائے گئے تمام علامات( symtoms )بھی حقیقت پر مبنی ہیں ۔لیکن عوامی حلقوں میں پھر بھی شبہات کا اظہار کیا جاتا ہے ۔کیونکہ ایسے واقعات پیش آئے ہیں جو دوسری بیماریوں میں مبتلاہونے سے فوت ہوئے اور ان کے مرنے کے بعدان کے ٹسٹ مثبت آئے جس سے لوگوں میں تشویش پائی جارہی ہے ۔ اس اضطراری کیفیت کے سلسلے میں کشمیر پریس سروس کے ساتھ کئی حساس شخصیات نے بات کرتے ہوئے کہاکہ وائرس برحق ہے لیکن جس طرح سے یہاں اس کے حالات بنائے جارہے ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی مرض میں مبتلا ہونے والا مریض اسپتال جانے میں ڈر محسوس کرتا ہے کیونکہ یہ اندیشہ رہتا ہے کہ وہاں پر کوروناٹسٹ کرکے مثبت نتائج سامنے آئیں گے نہیں بلکہ ان کے بقول لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ اس بات کا خدشہ ظاہر کرتے ہیں کہ طبی ونیم طبی عملہ اگر چہ اس دوران اہم خدمات انجام دیتے ہیں لیکن وہ مراعات کی وجہ اس میں اضافہ ہونے کی طاق میں ہی رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کا خدشہ کس حد تک صحیح ہے تاہم اس پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر وائرس سے بچنے کیلئے ایس او پیز جاری کئے گئے ہیںلیکن لوگ اتنا ہونے کے باوجود بھی کوروناوائرس کو آسان لیتے ہوئے ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے میں کوتاہیاں برتتے ہیں جس سے وائرس میں آئے روز اضافہ ہونا طے ہے ۔ اس سلسلے میں کشمیر پریس سروس نے ان ڈاکٹر صاحبان سے جن کے ٹسٹ مثبت آئے تھے اور قرنطینہ میں دن گذارنے کے بعد صحت یاب ہوئے ہیں سے بات کی تو انہوں نے اس بات کو واضح کیاکہ لوگوں کا گمان اس حوالے سے بالکل اس کے برعکس ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس ایک واضح مہلک بیماری ہے اس میں شک کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اس شخص کو خود ہی پتا چلتا ہے کہ یہ کتنی خطرناک اور جان لیوا بیماری ہے ۔انہوں نے ان لوگوں کی باتوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کو اپنے گمان میں تبدیلی لاکر حقیقت کی عینک سے دیکھنا چاہئے اور کسی بھی صورت میں اس وائرس کو آسان نہ لیاجائے بلکہ بہر صورت احتیاط کیا جائے اور سماجی جی دوریاں بنائے رکھنے ،ماحول کو صاف رکھنے اور ماسک پہنے کا اہتمام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس کشیدہ صورتحال کے بیچ لوگ ایس او پیز کی پامالی کررہے جوخطرے سے خالی نہیں ہے ۔اس ضمن میں انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مہلک وائرس سے اپنے آپ کو بچانے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بچانے میں رول ادا کریں ۔

Comments are closed.