5اگست کے فیصلوں کی فوری منسوخی وقت کی اہم ضرورت قرار؛ انتظامیہ صرف ذرائع ابلاغ میں کاغذی گھوڑے دوڑانے میں مصروف / نیشنل کانفرنس

سرینگر/07اکتوبر: نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کا ایک غیر معمولی اجلاس آج پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہ جبکہ اجلاس میں معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کے علاوہ پارٹی کے صوبہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے لیڈران و عہدیداروں اور صوبائی خواتین و یوتھ ونگ کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ سی این آئی کو موصولہ بیان کے مطابق اجلاس میں تنظیمی امورات، پارٹی سرگرمیوں، یوتھ نیشنل کانفرنس کی تنظیم نو،جموں و کشمیر کے موجودہ نامساعد حالات ، ریکارڈ توڑ بے روزگاری اور بدترین اقتصادی بدحالی کیساتھ ساتھ سیاسی انتشار و خلفشار جیسے معاملات زیر بحث آئے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں 5اگست2019کے بعد جموں و کشمیر کے تینوں خطوں میں پیدا شدہ صورتحال، مرکزی کے غیر آئینی اور غیر جمہوری فیصلوں کے منفی اثرات کا بھی خلاصہ کیا گیا اور تمام مقررین نے یک زبان ہوکر 5اگست کے فیصلوں کی فوری منسوخی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر کے عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے اعتماد سازی کے خصوصی اقدامات اُٹھائے۔ اجلاس میں گپکار اعلامیہ بھی زیر بحث آیا اور مقررین نے اس پُرامن سیاسی جدوجہد کے مشترکہ پلیٹ فارم کو جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کیلئے واحد اور مضبوط آواز قرار دیا۔ مقررین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ مشترکہ جدوجہد دن نہ دن مضبوط ہوتی جارہی ہے اور سیاسی جماعتوں کے علاوہ تمام مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی انجمنیں اور لوگ اس میں شامل ہورہے ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے یوتھ نیشنل کانفرنس کی تنظیم نو سے متعلق اپنی اپنی آراء پیش کی اور تمام ضلع صدور نے یوتھ نیشنل کانفرنس کی تنظیم نو کیلئے اجلاس میں اپنے مفید مشوے پیش کئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے بنیادی اصول پر قائم و دائم ہے اور ہماری جماعت ہر حال میں عوامی احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرتی رہے گی۔ پارٹی جموں وکشمیر کی انفرادیت اور اجتماعیت کی بحالی کیلئے برسرجہد ہے اور انشاء اللہ تینوں خطوں کے عوام کے اشتراک سے ہم اس جدوجہد میں سروخ رو ہونگے۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ لوگوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں کینکہ عوام کیساتھ قربت ہی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔اجلاس میں سینئر نائب صدر صوبہ محمد سعید آخون، شمالی زون صدر ایڈوکیٹ محمد اکبر لون، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری ،خواتین ونگ کی ریاستی صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس،صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر ، ترجمان عمران نبی ڈار اور صدرِ صوبہ خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری کے علاوہ ضلع صدور سرینگر پیر آفاق احمد، قیصر جمشید لون، جاوید احمد ڈار، میر غلام رسول ناز، حاجی عبدالاحد ڈار، غلام محی الدین میر، شوکت حسین گنائی، الطاف احمد کلو، ایڈکیٹ عبدالمجید لارمی، شیخ اشفاق جبار موجود تھے۔ اجلاس کے دوران ضلع صدور نے اپنے اپنے اضلاع کے لوگوں کے مسائل و مشکلات اُجاگر کئے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس وقت اُن بنیادی اور لازمی خدمات سے محروم ہیں جو ماضی میں خودبہ خود مہیا رہا کرتیں تھیں۔ سرما آنے سے پہلے ہی بجلی کی سپلائی پوزیشن بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، سڑکوں اور گلی کوچوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہے، پینے کے پانی کی قلت سے لوگ پریشانِ حال ہیں ، ہسپتالوں اور طبی مراکز کی حالت غیر ہے نیز لوگوں کو حکومتی سطح پر کوئی بھی راحت نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ صرف ذرائع ابلاغ میں کاغذی گھوڑے دوڑانے میں مصروف ہے جبکہ عوام حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

Comments are closed.