وادی میں ہیلتھ شعبہ سے تعلق رکھنے والے 865افراد وائرس کے شکار؛ متاثرین میں 295ڈاکٹر بھی شامل ، سب سے زیادہ سرینگر متاثر

سرینگر/05اکتوبر: وادی کشمیر میں 867کے قریب ہیلتھ ورکر کوروناوائرس سے میں مبتلاء ہوچکے ہیں جن میں سے 295ڈاکٹر اور 572طبی شعبہ سے وابستہ افراد شامل ہیں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں جہاں سینکڑوں افراد روزانہ کوروناوائرس کے شکار ہورہے ہیں اور درجنوں اموات بھی سامنے آرہی ہے وہیں پر ہیلتھ شعبہ سے وابستہ افراد خاص کر طبی عملہ بھی اس وائرس کا شکار ہوتا جارہا ہے ۔ وادی کشمیر میں اب تک 867ہیلتھ ورکر کووڈ 19کے انفکشن سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 295ڈاکٹر اور 572پیرامیڈیکوز شامل ہیں جو وادی کے مختلف ہسپتالوں میںاپنی خدمات انجام دے رہے تھے ۔ شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے ذرائع نے بتایا کہ کووڈ 19مریضوں کی خدمات کے دوران وادی میں بڑی تعداد میں طبی عملہ بھی اس وائرس کا شکار ہوچکا ہے اور سب سے زیادہ متاثرین جن میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہے سرینگر ضلع سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ سرکار کی جانب سے طبی عملہ کے تحفظ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اُٹھائے جاچکے ہیں اور انہیں ہر طرح کی چیزیں فراہم کی جاتی ہے جن میں پی پی ای کٹس، فیس ماسک، ہینڈ سینی ٹائزر اور دیگر چیزیں شامل ہیں تاہم اس کے باوجود بھی وہ وائرس کے شکار ہوتے جارہے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں کوروناوائرس کا تیزی کے ساتھ پھیلائو جاری ہے اور روزانہ ہزار سے زائد افراد اس وائرس کے شکار ہورہے ہیں جبکہ درجنوں اموات بھی روزانہ درج ہورہی ہے ۔

Comments are closed.