کشمیری طلبا و تجار کو دھمکیاں دینے کے معاملے پر وزیر داخلہ سے مداخلت کرنے کی درخواست کی: محبوبہ مفتی
سری نگر، 24 اپریل
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے کچھ عناصر کی طرف سے مختلف ریاستوں میں کشمیری طلباء اور تاجروں کو دھمکیاں دینے کے تناظر میں مداخلت کرنے کی درخواست کی ہے۔
موصوف صدر نے جمعرات کی صبح ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لئے وزیر داخلہ امیت شاہ جی سے بات کی’۔انہوں نے کہا: ‘مصیبت کی اس گھڑی میں ہم قوم کے ساتھ کھڑے ہیں’۔
محبوبہ مفتی نے کہا: ‘ کچھ عناصر کی طرف سے مختلف ریاستوں میں کشمیری طلباء اور تاجروں کو کھلے عام دھمکیاں دینے کے تناظر میں ان (وزیر داخلہ) سے مداخلت کرنے کی بھی درخواست کی’۔انہوں نے کہا: ‘ میں نے ان سے اپیل کی کہ وہ بلا تاخیر مداخلت کریں تاکہ ان (کشمیری طلبا و تاجروں) کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے جہاں بھی اس طرح کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں’۔
واضح رہے کہ منگل کے روز سیاحتی مقام پہلگام کی بیسرن ویلی میں دہشت گردوں نے سیاحوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور کم از کم 10 زخمی ہو گئے تھے۔اس سانحے کے خلاف بطور احتجاج کشمیر میں بدھ کے روز مکمل بند رہا اور لوگوں نے احتجاج درج کیا۔
Comments are closed.