یوٹی جموں کشمیر کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا قدم ؛ غیر حاضر رہنے والے پانچ ڈاکٹروں کو معطل کیا گیا

سرینگر/22ستمبر: جموں کشمیر انتظامیہ نے 5ڈاکٹروں کو بلا وجہ غیر حاضر رہنے کی پاداش میں معطل کردیا ہے ۔ یوٹی انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کا یہ پہلا قدم ہے جس میں سرکار نے کسی ڈاکٹر کو معطل کردیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں کشمیر یوٹی انتظامیہ نے جمو ں کشمیر کے مختلف جگہوں پر کام کرنے والے پانچ ڈاکٹروں کو معطل کردیا ہے جو بغیر کسی اطلاع اور بلا وجہ اپنی ڈیوٹیوں سے غیر حاضر رہے ہیں ۔ فائنانشل کمشنر، ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کی جانب سے میڈیکل افسران کو اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی تھی اور ان کے نام نوٹس بھی جاری کی گئی تھی لیکن انہوںنے نوٹس کا کوئی معقول جواب نہیں دیا۔ مذکورہ میڈیکل افسران میں للت کمار جو ریاسی ڈسٹرکٹ ہسپتال میں تعینات تھا، سندیپ بھدرواج کی پوسٹنگ ہیلتھ کمونٹی سنٹر رامنر ، نیرج گپتا ڈسٹرکٹ ہپستال اودھمپور اور مبشر الحق اور محمد عرفان بانڈے کمونٹی ہیلتھ سنٹر بھدرواہ شامل ہیں۔ معطلی کے احکامات میں بتایا گیا کہ مذکورہ غیر حاضر ڈاکٹروں کو کئی بار اپنی ڈیوٹی پر واپس آنے کیلئے کہا گیا اور انہیں کئی بار موقع دیا گیا تاہم انہوں نے سرکاری احکامات کو نظر انداز کردیا ۔اور محکمہ کی جانب سے انہیں بڑی مدت تک برداشت کیا گیا اور اب ان کے خلاف کوئی قدم اُٹھانا ناگزیر بن گیا تھا ۔ (سی این آئی )

Comments are closed.