لہہ لداخ سے تعلق رکھنے والی خاتون کی نعش پاکستان میں ملی ؛ کرناہ کپوارہ راستے بھارتی حکام کے حوالے کی گئی

سرینگر/12ستمبر: لہہ لداخ میں اپنے گھر کے نزدیک ایک خاتون دریاء میں گرنے کے بعد پاکستان میں اس کی نعش کو پایا گیا جس کے بعد پاکستانی حکام نے نعش کی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کی اور اس کی شناخت ہونے کے بعد اس کو بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق لہہ لداخ کی ایک خاتون 26اگست 2020کو اپنے گھر کے نزدیک دریاء میں جاگری۔ مذکورہ خاتون کی نعش کو ڈھونڈ نے کیلئے کئی دنوں تک کارروائی جاری رہی تاہم اس کا کہیں اتہ پتہ نہیں چلا ۔ اس دوران نعش دریاء کے ذریعے پاکستان پہنچ گئی جہاں پر پاکستانی حکام نے اس کو تحویل میں لیکر اس کی شناخت کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیا ۔ مذکورہ خاتون کی شناخت خیر انساء دختر محمد ابراہیم تورتک لہہ کے بطور ہوئی ہے ۔ مذکورہ خاتون کے نعش کی تصاویر پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کے متعلقہ افسران کو بھیج دی تھی جس کے بعد یہ واضح ہوا کہ لہہ میں پانی میں غرقآب ہونے کے بعد خاتون پاکستان پہنچی تھی ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد نعش کو بھارتی حکام کے حوالے کردی ہے اور اس کو اب ورثاء کے حوالے کیا جارہا ہے ۔

Comments are closed.