حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد نے نیا سیاسی رخ لیا؛چھ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط ایک اہم پیش رفت / قریشی

سرینگر/24اگست/سی این آئی// پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد نے نیا سیاسی رخ لیا ہے اور جموں و کشمیر میں مزاحمتی تحریک زور پکڑ رہی ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کی دارالحکومت اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں چھ سیاسی جماعتوں نے گزشتہ سال پانچ اگست کے بھارتی اقدامات کو مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاسی جماعتوں نے علاقے کی پرانی حیثیت بحال کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے کے عزم کے ساتھ اتحاد قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں بلکہ ایک اہم پیشرفت ہے کیونکہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے پر فاروق عبد اللہ کے دستخط ہیں اور اسے کانگریس پارٹی کی تائید حاصل ہے جوبھارت میں حز ب اختلاف کی بڑی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کیلئے یہ واضح پیغام ہے کہ کشمیری پانچ اگست کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ایک سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں سعودی عرب کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

Comments are closed.