بانڈی پورہ :سوشل میڈیا ہینڈلز پر جھوٹی خبریں پھیلانے پر 6 افراد گرفتار:پولیس

سری نگر، یکم مئی

پولیس کا کہنا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے بارے میں مختلف سوشل میڈیا ہینڈلز پر جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بانڈی پورہ پولیس کو متعدد ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کچھ افراد نے 24 اپریل 2025 کو کلنار بازی پورہ اجس میں ہونے والے انکاؤنٹر کے بارے میں اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعے جھوٹی اور من گھڑت داستانیں پھیلائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بانڈی پورہ پولیس نے ان تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہولڈرز کے خلاف مجرمانہ مقدمہ درج کیا ہے جن کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ جھوٹی خبریں گردش کر رہی تھیں’۔
بیان میں کہا گیا: ‘ ان تمام ملوث افراد کے مجرمانہ فعل نے ملکی سلامتی کے منظر نامے کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور خطے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے کا رجحان پیدا ہوا ہے’۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ بانڈی پورہ پولیس نے اس غیر قانونی فعل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن بانڈی پورہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں اور اس ضمن میں 6 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار شدگان کی شناخت اعجاز احمد گوجر بانیا ولد زلف الدین گوجی بانیا ساکن بازی پرہ اجس، سرتاج احمد ملک ولد محمد سبحان ملک ساکن ملک پورہ رکھ حاجن، ظفر احمد گوجر ولد شاہ زمان گوجر ساکن بازی پورہ اجس، بلال احمد حرہ ولد عبدالحمید حرہ ساکن گنڈ جہانگیر حاجن، الطاف احمد وانی ولد عبد الجبار وانی ساکن بہار آباد حاجن اور بلال احمد پرے ولد عبدالمجید پرے ساکن کھوسہ محلہ کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بانڈی پورہ پولیس سوشل میڈیا صارفین سے ذمہ داری سے کام لینے اور قانونی اور اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی سرگرمیوں سے پرہیز کرنے کی تاکید کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقصد کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Comments are closed.