ایک سال کی طویل حراست کے بعد سجاد غنی لون خانہ نظر بندی سے رہا

پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی حراست میں تین ماہ کی مزید توسیع کر دی گئی

سرینگر/31جولائی: ایک سال کی طویل حراست کے بعد جموں کشمیر پیپلز کانفرنس کے چیرمین سجاد غنی لون کو خانہ نظر بندی سے رہا کیا گیا ۔ ادھر پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی کے صد محبوبہ مفتی کی نظر بندی میںمزید تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق کم و بیش ایک سال کی حراست کے بعد پیپلز کانفرنس کے چیئر مین سجاد لون کو جمعہ کے روز خانہ نظر بندی سے رہا کیا گیا۔اپنی رہائی کے فوراً بعد سجاد لون نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا’’آخر کار پانچ دن کم ایک سال بعد مجھے مطلع کیا گیا کہ میں آزاد ہوں۔ کتنا تبدیل ہوا ہے، میں بھی۔جیل میرے لئے کوئی نیا تجربہ نہیں تھا۔اس سے قبل کے تجربے سخت تھے جن کے دوران جسمانی اذیت بھی پہنچائی گئی۔لیکن یہ والا نفسیاتی طور تھکادینے والاتھا۔عنقریب اور بھی بہت کچھ بتانے کیلئے ہے‘‘۔لون کو ایم ایل اے ہوسٹل سرینگر سے رواں سال کے ماہ فروری میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ کئی اور سیاست دانوں کے ہمراہ مقید تھے۔بعد ازاں اْسے وہاں سے منتقل کرکے خانہ نظر بند کیا گیا تھا۔لون اْن بہت سارے سیاست دانوں، وکلائ،تاجروں اور کارکنوں میں شامل تھے جنہیں گذشتہ بر س دفعہ370منسوخ کئے جانے کے موقع پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ادھر پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی نظر بندی میںمزید تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں جمعہ کو محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ کے مطابق پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی نظر بندی میں مزید توسیع کی جاتی ہے ۔ خیال رہے کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو گزشتہ سال ماہ اگست میں جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خاتمہ کے بعد حراست میں لیا گیا تھا اور قریب آٹھ ماہ تک دو مختلف سرکاری مقامات پر نظر بند رہنے کے بعد امسال ماہ اپریل میں انہیں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منتقل کر دیا گیا تھا اور انہیںوہاں نظر بند کیا گیا تھا ۔

Comments are closed.