لاک ڈاون کی آڑ میں ناجائز منافع خور سرگرم؛دس کی چیز بیس میں فروخت متعلقہ حکام کا پتہ نہیں

سرینگر/ 25جولائی: عید الاضحی سے ایک ہفتہ قبل ہی وادی میں ناجائزمنافع خوروں نے مجبور عوام کو دو دو ہاتھوں لوٹنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ جبکہ لاک ڈاون کی وجہ سے اکثر دکانیں بند رہنے کا ناجائز فائدہ اُٹھاکر لوگوں کو سو کی چیز دو سو روپے میں دی جاتی ہے ۔ خاص کر غیر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں نے لوٹ مچادی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق عید الاضحی سے ایک ہفتہ قبل ہی وادی میں ناجائز منافع خوروں نے مجبور کشمیری عوام کو دو دو ہاتھوں لوٹںے کا عمل شروع کردیا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کے زمہ داران لاک ڈاون کی کا بہانہ بناکر ایسے ناجائزمنافع خوروں کی لگام کسنے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ عوامی حلقوں کے مطابق غیر کھانے پینے کی اشیاء جس میں کراکری والے، جوتے والے، بچے کے کپڑے وغیرہ فروخت کرنے والے، فرش فروخت کرنے والے ، فرنیچر والوں اور الکٹرک اور الکٹرانک کی اشیاء فروخت کرنے والوں نے لوگوں کی مجبوری کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے سادہ لوح عوام کو چونا لگانے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے ۔لاک ڈاون کی وجہ سے اکثر دکانیں بند ہونے کی وجہ سے لوگ مجبوری میں ہی ایسے ناجائز منافع خور دکاندارو ں کے در پر جانے پر مجبور ہوجاتے ہیں جہاں پر یہ لوگ لوگوں کو دس کی چیز بیس میں تھمادیتے ہیں اور اگر کوئی گراہک ان سے اس بارے میں پوچھتا ہے تو کہتے ہیں کہ جائو کہیں اور لے کر آو!۔ اس صورتحال پر عوامی حلقوںنے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح سے مجبور لوگوں کو لوٹنے والوں کی لگام کسنے میں متعلقہ محکمہ کے ملازم ناکام ہوچکے ہیں کیوں کہ لاک ڈاون کا بہانہ بناکر یہ لوگ اپنی ڈیوٹی پر بھی نہیں آتے ۔ لوگوںنے کہا ہے کہ لاک ڈاون میں چوری چھپے اس طرح ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔

Comments are closed.