کپوارہ میں دو افراد کنویں میں گر کر ہلاک ، ایک کو بچا لیا گیا

علاقے میں کہرام ، رواں ماہ دوسرا واقعہ ، علاقے میں دو سالوں سے پانی کی قلت / مقامی لوگ

سرینگر/9جولائی/: شمالی کشمیر کے کپوارہ میں اُس وقت کہرام مچ گیا جب کنویں کی مرمت کے دوران دو اشخاص کنویں میں گر کر ہلاک ہوگئے ۔جبکہ ایک کو بچا لیا گیا ۔ اس واقع سے علاقہ بھر میں صف ماتم بچھ گئی ۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں سے علاقے میں پانی نہیں ہے جس کو صاف کرنے کی کوشش کے دوران ان کی موت واقع ہوئی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سرحدی ضلع کپوارہ کے ہلمت پورہ ہایہامہ میں 35سالہ غلام نبی ڈار اور 60سالہ محد گنائی کنویں کی صفائی کرنے کے دوران پھسل کر کنویں میں جاگرے جس کے نتیجے میں دونوں اشخاص کی موت واقع ہوئی ۔ اس واقع کے بعد علاقہ بھر میں صف ماتم بچھ گئی اور لوگوں نے اس واقع پر افسوس کااظہار کیا ۔بلاک میڈیکل افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تاہم ایک کو زخمی حالت کو کپواڑہ سے سرینگر منتقل کر دیا گیا ۔ ادھر مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں گزشتہ دو سالوں سے پانی کی قلت ہے اور لوگ پانی کی ایک ایک کو بوند کو ترس رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب علاقے میں ایک بور ویل تھا جس سے مقامی لوگ پانی حاصل کرتے تھے اور اس کی صفائی کرتے کرتے دو افراد اس میں گر گئے جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی ۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کی دوسری تاریخ کو اسی طرح کے ایک اور واقعے میں چار افراد کنویں میں گر کر ہلاک ہوگئے تھے یہ واقع درد ہرے کرالپورہ میں پیش آیا تھا ۔ (سی این آئی )

Comments are closed.