جیش محمد اورحزب المجاہدین کامشترکہ منصوبہ ناکام:آئی جی پی کشمیر زون
پلوامہ،سری نگر:۸۲،مئی:جے کے این ایس: جنوبی ضلع پلوامہ کے مضافاتی علاقہ راجپورہ میں جمعرات کی صبح اُسوقت خوف ودہشت کی لہردوڑ گئی،جب یہاں آئن گنڈنامی گاؤں کے نزدیک بم ڈسپوزل اسکارڈ نے کاربم خود کش حملے کیلئے استعمال میں لائی جانے والی45کلوگرام بارودسے لدی ایک نجی گاڑی کودھماکہ کیساتھ اُڑادیا۔اس سماعت شکن دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ نجی گاڑی تقریباً15میٹر اوپر فضاء میں تیرتی نظرآئی جبکہ دھماکے کیساتھ ہی اسکے پرخچے اُڑگئے۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ کارخودکش حملے کوناکام بنانے کیلئے عمل میں لائی گئی اس کارروائی کے نتیجے میں ہونے والے سماعت شکن دھماکے کی آواز کئی کئی کلومیٹر دورتک سنائی دی جبکہ بقول مقامی لوگوں کے اس زورداردھماکے کی وجہ سے نزدیک ہی واقع کئی رہائشی مکانات اوردیگرعمارات کی کھڑکیوں اوردروازوں کے شیشے چکناچور ہوگئے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس، کشمیر رینج وجے کمار نے سری نگر میں بلائی گئی ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے پلوامہ میں ایک کار کے اندر نصب40سے45کلو گرام بارودی سرنگ کا بروقت پتہ لگاکر ایک حادثے کو ٹال دیا۔ آئی جی کشمیر نے کہا کہ یہ کام حزب المجاہدین اور جیش محمد سے وابستہ جنگجوؤں کا تھا تاکہ وہ سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناسکیں۔جموں وکشمیرپولیس کے صوبائی سربراہ کاکہناتھا کہ فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کو مسلسل ممکنہ فدائی حملے کے بارے میں اطلاعات موصول ہورہی تھیں۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز کئی مقامات پر خصوصی ناکے لگائے گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسزکے جوانوں فدائی جنگجو کو 2ناکوں پر روکنے کی کوشش کی اور وارنگ کے طور گولی بھی چلائی۔ وجے کمار کے مطابق حملہ آور نے دونوں ناکوں کو پھاند کر آخر کار راجپورہ کے آئن گنڈ نامی گاؤں کے نزدیک گاڑی چھوڑ دی۔انہوں نے بتایاکہ جمعرات کی صبح بم ناکارہ بنانے والی ٹیم کو جائے مقام پر لایا گیا۔آئی جی پی کشمیر نے کہاکہ اْن کا اندازہ تھا کہ پلوامہ طرزکے کارخودکش حملے کیلئے استعمال میں لائی جانے والی نجی کار کے اندر10سے15کلو گرام تک بارود نصب ہے لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ40سے45کلو گرام تک ہے جس کے دھماکے سے کار15میٹر اْوپر تک اٹھ گئی۔آئی جی کشمیر نے کہا کہ کار کے اندر بارودنصب کرنے میں عادل نامی ایک حزب کے جنگجو سمیت جیش اور حزب کے مزید کئی جنگجو بھی ملوث ہیں جو اصل میں 17ماہ رمضان کو یوم جنگ بدر کے موقع پر سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن ایسا نہیں کرسکے۔واضح رہے کہ فورسز نے جمعرات کی صبح جنوبی ضلع پلوامہ کے راجپورہ علاقے میں ایک کار سے بارودی سرنگ بر آمد کرکے اْسے ناکارہ بنایا۔ اس سرنگ کا پتہ فورسز اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے تلاشی آپریشن کے دوران مشترکہ طور لگایا۔ اس موقع پر بم ناکارہ بنانے والی ٹیم کو طلب کیا گیا جس نے سرنگ کوکار کے اندر ہی دھماکہ کرکے اْڑادیا۔ ذرائع نے کہا کہ دھماکے سے زور دار اور خوفناک آواز پیدا ہوگئی تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ذرائع نے مزید کہا کہ یہ ایک انتہائی طاقتور بارودی سرنگ تھی جو کافی نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتی تھی۔
Comments are closed.