بارہمولہ کے55سالہ شخص کی صدراسپتال سری نگرمیں موت واقعہ

جموں وکشمیرمیں کورونا وائرس سے27ویں موت

کووڈ19سے کشمیر وادی میں 24اورجموں صوبہ میں 3افرادلقمہ اجل

سری نگر،بارہمولہ:۸۲،مئی: کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والے افرادکی اموات کاسلسلہ جاری ہے۔بدھ کورات دیرگئے خانپورہ بارہمولہ کے ایک55سالہ شخص کی صدراسپتال سری نگرمیں موت واقعہ ہوئی اورجمعرات کی صبح متوفی شخص کے نمونے کی رپورٹ مثبت پائی گئی۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگرکے نوڈل افسربرائے کووڈ19ڈاکٹر سلیم خان نے بتایاکہ خانپورہ بارہمولہ کے ایک پچپن سالہ شخص کوبدھ کی شام جی ایم سی اسپتال بارہمولہ سے منتقل کرکے صدراسپتال سری نگرمیں داخل کرایاگیا۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ شخص بخار اور دیگر بیماریوں میں مبتلاء تھا،تاہم صدراسپتال میں زیرعلاج رہنے کے کچھ گھنٹے بعدہی اس شخص کی اسپتال میں موت واقعہ ہوئی۔ڈاکٹر سلیم خان کاکہناتھاکہ بزرگ شخص کے نمونے فوری طورحاصل کرکے جی ایم سی لیبارٹری بھیجے گئے اورجمعرات کی صبح تشخیصی رپورٹ مثبت آئی۔انہوں نے کہاکہ تشخیصی رپورٹ سے اسبات کی تصدیق ہوتی ہے کہ مذکورہ متوفی شخص کوروناوائرس میں مبتلاء تھا۔ڈاکٹر خان نے بتایاکہ مذکورہ شخص کی میت کواسپتال کے مردہ خانہ یانعش گھرمیں بدھ کی رات سے ہی رکھاگیا،اورجمعرات کے روز تمام ضروری لوازمات کے تحت نعش لواحقین کے سپردکی گئی۔اُدھر معلوم ہواکہ صدراسپتال سے متوفی شخص کی میت کوایک ایمبولنس گاڑی میں آبائی علاقہ خانپورہ بارہمولہ پہنچایاگیا،جہاں کووڈ19پروٹوکال کے تحت اس کی آخری رسومات جمعرات کی سہ پہر انجا م دی گئی،جن میں اسکے کچھ نزدیکی رشتہ داروں کوشامل ہونے کی اجازت دی گئی۔معلوم ہواکہ مذکورہ شخص کی تجہیزوتکفین کے فوراً بعد اسکے آبائی گھر،نزدیکی مکانات اورپوری بستی میں خصوصی ادویات کاچھڑکاؤکیاگیا،اوراس سینٹائزیشن عمل کے بعداس بستی میں پولیس کی نگرانی بڑھادی گئی۔خیال رہے یہ قصبہ بارہمولہ میں کوروناوائرس سے ہونے والی پہلی موت ہے،جسکے نتیجے میں خانپورہ سمیت پورے قصبے میں فکروتشویش کی لہردوڑ گئی ہے۔خانپورہ بارہمولہ کے 55سالہ شخص کی موت واقعہ ہونے کیساتھ ہی جموں وکشمیرمیں جموں وکشمیرمیں کوروناوائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد27تک پہنچ گئی،جن میں سے 24متوفین کاتعلق کشمیروادی اور3کاتعلق صوبہ جموں سے ہے۔سب سے زیادہ7اموات سری نگرشہرمیں ہوئی ہیں جبکہ اننت ناگ اوربارہمولہ اضلاع میں پانچ پانچ افراد مہلک وائرس کے شکار بنے اورکولگام ضلع میں 4افرادکوروناوائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بنے ہیں۔بڈگام اورجموں اضلاع میں کورونانے2،2مریضوں کی جان لی جبکہ بانڈی پورہ اوراودھم پور اضلاع میں ایک ایک کورونامریض کی موت واقعہ ہوئی ہے۔اُدھر پچپن سالہ شخص کی سی ڈی اسپتال میں موت واقعہ ہوجانے کے بعدشہرخاص سمیت پورے سری نگرشہر میں تشویش کی لہردوڑ گئی۔

Comments are closed.