عیدکے موقعہ پرکورنٹین سینٹرمیں محفل موسیقی کااہتمام؛قرنطینہ کی مدت کاٹ رہے لوگ خوش،پولیس اقدام کوسراہا
پٹن:۷۲،مئی: عیدکے مقدس موقعہ پر جہاں ہر کوئی اپنے اپنے گھروں میں عید کی خوشیاں مناتے تھے، ایک دوسرے سے گلے ملتے اور مصحافہ کرتے تھے، مگر وہیں اس مرتبہ کورنا وائرس اور لاک ڈاون کی وجہ سے یہ تمام خوشیاں مایوسی میں تبدیل ہوگئیں۔ جہاں لوگ کوارنٹائن سینٹروں میں رہنے سے عید کی خوشیاں منانے سے رہ گئے، وہیں گھروں میں رہ رہے لوگ مایوس ہی نظر آئے۔ کیونکہ بیشتر لوگوں کے لخت جگر، وابستگان اور دوست احباب گھروں سے دُور کوارنٹائن سینٹروں میں قیام پذیر تھے۔ اس وجہ سے وہ عید عید نہیں بلکہ مایوسی کا دن رہا۔شمالی کشمیر کے علاقہ پری ہاس پورہ پٹن میں قائم ایس ایس ایم کالج کے کوارنٹائن سنٹر میں قیام پذیر لوگوں کا دل بہلانے اور عید کا تہوار نہ منانے کی مایوسی کو دُور کرنے کیلئے جموں وکشمیر پولیس اورسیول انتظامیہ نے ایک انوکھی اور قابل ستائش پہل کی۔ میر گنڈ پولیس پوسٹ کے چوکی افسر محمد اشرف نے ایس ڈی پی او پٹن ظفر مہدی کی ہدایت پر اپنے گھروں سے دور رہ رہے کوارنٹائن سینٹر میں لوگوں کا درد وغم اور مایوسی کو کم کرنے کیلئے گٹار سے گانے بجانے کا اہتمام کیا۔عید کے مقدس موقع پر شیریں اور پْر کیف آواز میں نغموں کے ذریعہ سے ان افراد نے اپنے پیاروں کو یاد کیا۔ کوارنٹائن میں رہ رہے یہ لوگ نغمے سن کر جذباتی نظر آئے۔ چوکی افسر اور دیگر پولیس اہلکار کے گٹار بجانے اوردل کو چھونے والے سْر اور تال سے تال ملا کر ان لوگوں نے درد وغم اور مایوسی کو ایک طرف چھوڑ کر اس تقریب میں شرکت کر کے کافی تفریح کی۔ پولیس اہلکاروں اور تحصیل انتظامیہ سنگھ پورہ کے حسن سلوک کی وجہ سے کوارنٹائن میں رہ رہے ان لوگوں کے چہروں پر کافی خوشی نظر آئی اور ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منارہے ہوں۔سماجی دوری اور طبی مشوروں کو برقرار رکھتے ہوئے اس محفل ساز اور گٹار میں شرکت کرنے والے افراد کو مسرت اورقلبی سکون ملا۔ انہوں نے پولیس کے اس اقدام کی خوب ستائش کی۔ شوکت نامی ایک طالب علم نے بتایا کہ عید کے موقع پرمنعقدہ پروگرام سے کافی خوشی ملی اور ایسا لگا جیسے وہ اپنے گھرمیں تھے۔ ایک اور طالب علم نے بتایا کہ ان کیلئے یہ ایک اچھا تجربہ تھا۔ فیاض احمد نامی ایک تاجر نے بتایا کہ یہاں اس پروگرام سے ایسا لگا جیسے وہ اپنے گھر میں تھے۔ انہیں کسی طرح کی کوئی کمی محوس نہیں ہوئی۔ایس ڈی پی او پٹن ظفر مہدی نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس لوگوں کو راحت اور امن وسکون فراہم کرنے کلئے پیش پیش رہتے ہیں۔ اسی کڑی کے تحت کوارنٹائن میں رہ رہے لوگوں کے لئے بھی یہ قدم اٹھایا گیا۔ تحصیلدار سنگھ پورہ نثار احمد نے بتایا کہ کورنٹین سینٹرمیں رہنے والے لوگوں کے دل بہلانے کیلئے اس طرح کا اقدام کیا گیا۔
Comments are closed.