دنیاوی تعلیم کیساتھ ساتھ دینی تعلیم حاصل کرنے کاجذبہ؛ساتویں جماعت کاطالب علم حافظ قران بن گیا،نارواؤ بارہمولہ میں خوشی

بارہمولہ:۷۲،مئی:جے کے این ایس: اسلامیہ ماڈل اسکول ملہ پورہ شیری نارواؤ میں زیرتعلیم سہیل احمدیتو ولدعبدالحمید اسکول سے واپس آنے کے فوراً بعدنزدیک ہی واقع دارالعلوم قران پاک کوحفظ کرنے کیلئے جایارہا۔9سال کی عمر میں اس دین پسند بچے نے ادارہ فرقان العلوم نامی دارالعلوم واقع آڈورہ نارواؤ بارہمولہ سہ پہرکے وقت جاناشروع کیاتھا،جہاں وہ قران کریم کویادکیاکرتاتھا۔دن کے وقت دنیاوی یامروجہ تعلیم کیلئے اسکول جانا اورسہ پہرکے وقت دینی تعلیم حاصل کرنے کیلئے دارالعلوم جاناسہیل یتو کیلئے معمول بن گیا۔تین سال تک اس عمل سے گزرنے کے بعد 12سالہ سہیل احمدیتو نے قران پاک کویاد کرلیا اوروہ حافظ قران بن گیا۔چندروز قبل ہی دارالعلوم میں منعقدہ ایک سادہ مگرپُروقار تقریب کے دوران اس دارالعلوم کے مہتمم اوردیگر علماء نے سہیل کی دستاربندی کی اوراُس کوحافظ قران بننے کی سند بھی عطاکی۔یوں تین سال بعد یہ دین پسند کمسن ومعصوم بچہ حافظ قران بن گیا۔اُدھر اسلامیہ ماڈل اسکول جہاں وہ مروجہ تعلیم کیلئے زیرتعلیم ہے،کے اساتذہ کاکہناہے کہ سہیل ایک ہونہار طالب علم ہونے کیساتھ ساتھ نہایت شریف اورفرمانبردار طالب علم بھی ہے۔اسکول کے ایک ٹیچر نے بتایاکہ سہیل اسکول یاکلاس روم میں کبھی کوئی شرارت یاغلط حرکت نہیں کرتا ہے بلکہ پوری توجہ اپنی تعلیم پرہی مرکوز رکھتاہے۔انہوں نے کہاکہ ساتویں جماعت کے اس طالب علم کاحافظ قران بننا،صرف اسکول کیلئے نہیں بلکہ پورے علاقہ نارواؤ بارہمولہ کیلئے باعث افتخار ہے۔

Comments are closed.