بھارت میں کوروناوائرس کا قہر بدستور جاری صرف ایک ہی دن میں 5ہزار سے زائد کس سامنے آئے

سرینگر/18مئی: بھارت بھر میں کوورناوائرس کا قہر جاری ہے اور پورے بھارت کو کووڈ 19نے اپنے جال میں پوری طرح سے جکڑ لیا ہے جس کے نتیجے میںایک ہی دن میں ملک بھر میں 5ہزار سے زائد کووڈ 19کے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ مجموعی تعداد 97ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس (کووڈ -19) انفیکشن کے ایک دن میں ریکارڈ پانچ ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد آہستہ آہستہ بڑھتے ہوئے 96 ہزار کے اعداد و شمار کو پار کر گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد بھی اب تین ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 5242 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں 157 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ملک بھر میں اب تک 96،169 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 3029 افراد کی موت ہوئی ہے۔ملک میں کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے لوگوں کی تعداد 36 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اب تک 36،824 افراد اس انفیکشن سے مکمل طور پر شفایاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2347 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 33،053 ہو گئی ہے اور کل 1198 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 7688 لوگ اس وبا سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 11379 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 659 اموات ہوئی ہے جبکہ 4499 لوگوں کے علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے۔ کورونا وائرس کے کیسز میں پانچ عدد کی فہرست میں تمل ناڈو تیسرے نمبر پر ہے۔ یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 11،224 ہو گئی ہے اور اس وبا سے 78 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ 4172 افراد اس بیماری سے شفایاب ہوئے ہیں۔ قومی دارالحکومت دہلی کی بھی پوزیشن اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے اور یہاں بھی متاثرین کی تعداد پانچ عدد پر پہنچ گئی ہے۔ دہلی میں اب تک 10،054 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 31 مریضوں کی موت کے ساتھ ہلاک شدگان کی تعداد 160 تک پہنچ گئی ہے اور 4485 لوگوں کے علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

Comments are closed.